پنجاب بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے عمل میں نمایاں تیزی، جون میں 5 لاکھ 54 ہزار سے زائد لائسنس جاری

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایات پر صوبہ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے عمل میں نمایاں تیزی آئی ہے

لاہور۔2جولائی (اے پی پی):ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایات پر صوبہ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے عمل میں نمایاں تیزی آئی ہے اور گزشتہ ماہ مجموعی طور پر 5 لاکھ 54 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ ماہ ایک لاکھ 78 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ لائسنس، ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے، جبکہ ایک لاکھ 90 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروائی۔ترجمان نے بتایا کہ 1570 شہریوں کو گم شدہ ڈرائیونگ لائسنس دوبارہ جاری کیے گئے، جبکہ 3 ہزار سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ فراہم کیے گئے۔ علاوہ ازیں 86 ہزار سے زائد شہریوں نے آن لائن لائسنسنگ سہولیات سے استفادہ کیا۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا قانونا جرم ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانوں اور سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔