پنجاب فوڈ اتھارٹی نے چکوال میں 7 ہزار لیٹر غیر معیاری جوس تلف کر دیا

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے چکوال میں کارروائی کرتے ہوئے 7 ہزار لیٹر ناقص اور غیر معیاری جوس تلف اور متعلقہ ڈیلر کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا ۔

راولپنڈی۔20مئی (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے چکوال میں کارروائی کرتے ہوئے 7 ہزار لیٹر ناقص اور غیر معیاری جوس تلف اور متعلقہ ڈیلر کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا ۔ ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی چکوال کی سبزی منڈی میں قائم جوس ڈسٹریبیوٹر کے خلاف کی گئی جہاں مختلف برانڈز کے جوس کے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری تجزیے کےلئے بھجوائے گئے تھے۔ لیب رپورٹ میں جوس فوڈ سیفٹی کے مقررہ معیار پر پورا نہ اتر سکا جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے بڑی مقدار میں جوس کو تلف کر دیا گیا۔ فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ ناقص جوس انسانی صحت کےلئے مضر ثابت ہو سکتا تھا اسی لیے عوامی صحت کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے سخت ایکشن لیا گیا۔ حکام نے فوڈ قوانین کی خلاف ورزی پر ڈیلر کو 50 ہزار روپے جرمانہ بھی کیا اور آئندہ محتاط رہنے کی وارننگ جاری کی۔ ترجمان کے مطابق صوبہ بھر میں اشیائے خوردونوش کے معیار کو یقینی بنانے کےلئے سیمپلنگ اور انسپیکشن کا عمل جاری ہے جبکہ دودھ، مشروبات، مصالحہ جات، گھی، آئل اور دیگر اشیا کی مسلسل جانچ کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی ملاوٹ اور غیر معیاری اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ شہری غیر معیاری اشیائے خوردونوش کی اطلاع ہیلپ لائن 1223 پر دے سکتے ہیں۔