صوبائی وزیر برائے تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت آئی ڈیپ بورڈ کا79 واں اجلاس منعقد ہوا
پنجاب میں جدید انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لیے تمام اداروں کیساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، وزیربرائے تعمیرات و مواصلات

مزید خبریں
لاہور۔9ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر برائے تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت آئی ڈیپ بورڈ کا79 واں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ٹرانسپورٹ، سی اینڈ ڈبلیو، پی اینڈ ڈی اور دیگر محکموں کے افسران نے بطور ممبران شرکت کی۔سی ای او آئی ڈیپ کیپٹن (ر) شاہ میر نے صوبائی وزیر اور بورڈ ممبران کو مختلف ایجنڈوں پر بریفنگ دی۔اجلاس میں فلم سٹی میں مختلف پورشن تعمیر کرنے کی منظوری دی گئی۔جنرل ہسپتال لیہ میں ڈاکٹروں کی رہائش کی تعمیر کےلئے آئی ڈیپ کو بطور عملدرآمد ایجنسی کام کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کےلئے سٹیریوٹیکٹک ریڈیو سرجری،لینئر ایکسیلیریٹر ملٹی انرجی اور لینئر ایکسیلیریٹر سنگل انرجی مشینوں کی خریداری کےلئے کم ترین بولی دینے والی فرم کی منظوری دی گئی۔اس موقع پر صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات نے کہا کہ پنجاب میں تعمیراتی اور ترقیاتی منصوبوں کو جدید تقاضوں کے مطابق آگے بڑھایا جا رہا ہے،عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار،شفافیت اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔پنجاب میں جدید انفراسٹرکچر کی فراہمی کےلئے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔








