پنجاب پولیس کے آئی جی پی کمپلینٹ سینٹر 1787 کے ذریعے شہریوں کی شکایات کے ازالے کا عمل موثر انداز میں جاری ہے۔
پنجاب پولیس کے کمپلینٹ سینٹرکے ذریعے شہریوں کی شکایات کے ازالے کا عمل جاری ہے،ترجمان

مزید خبریں
لاہور۔20مئی (اے پی پی):پنجاب پولیس کے آئی جی پی کمپلینٹ سینٹر 1787 کے ذریعے شہریوں کی شکایات کے ازالے کا عمل موثر انداز میں جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق رواں سال کمپلینٹ سینٹر 1787 پر موصول ہونے والی34 ہزار سے زائد شکایات کو حل کیا جا چکا ہے جبکہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کو مقررہ ایس او پیز اور ٹائم لائن کے مطابق نمٹایا جا رہا ہے۔ رواں سال کمپلینٹ سینٹر پر مقدمات کے اندراج سے متعلق17 ہزار 249 اور سست تفتیش سے متعلق8 ہزار270 شکایات حل کی گئیں، پولیس سروسز سے متعلق2 ہزار547 جبکہ محکمانہ امور اور دیگر نوعیت کی7 ہزار سے زائد شکایات کا ازالہ بھی کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ 1787 کمپلینٹ سینٹر کی کارکردگی کو مزید موثر بنانے کے لیے مانیٹرنگ کے نظام کو مزید فعال کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام ضلعی پولیس افسران موصول ہونے والی شکایات کی ذاتی سطح پر نگرانی کر رہے ہیں اور ان کے فوری ازالے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے شہریوں پر زور دیا کہ اگر انہیں کسی پولیس اہلکار کے خلاف شکایت ہو یا پولیس سروسز کے حوالے سے کسی مسئلے کا سامنا ہو تو وہ 1787 کمپلینٹ سینٹر سے رابطہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور شفاف احتساب کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔








