پورٹ قاسم پر دو اضافی ملٹی پرپز برتھ جلد مکمل کر لی جائیں گی،حکومت برآمدکنندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے میں پرعزم ہے، ہارون اخترخان

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان نے کہاہے کہ پورٹ قاسم پر دو اضافی ملٹی پرپز برتھ جلد مکمل کر لی جائیں گی، معاون خصوصی نے پورٹ قاسم اتھارٹی کواضافی ملٹی پرپز برتھ کی تعمیر کے لئے واضح نظام الاوقات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایات جمعرات کویہاں سیمنٹ اور کلنکر برآمدات بڑھانے کے لئے قائم ٹاسک فورس کے اعلیٰ سطح …

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان نے کہاہے کہ پورٹ قاسم پر دو اضافی ملٹی پرپز برتھ جلد مکمل کر لی جائیں گی، معاون خصوصی نے پورٹ قاسم اتھارٹی کواضافی ملٹی پرپز برتھ کی تعمیر کے لئے واضح نظام الاوقات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایات جمعرات کویہاں سیمنٹ اور کلنکر برآمدات بڑھانے کے لئے قائم ٹاسک فورس کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں دیں۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل، عارف حبیب، پورٹ قاسم اتھارٹی، کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی)، سٹیٹ بینک آف پاکستان، بورڈ آف انویسٹمنٹ، گوادر پورٹ اتھارٹی کے نمائندگان اور اعلیٰ سرکاری حکام شریک ہوئے۔ٹاسک فورس کمیٹی نے اجلاس کو اپنی پیشرفت اور جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔ہارون اختر خان نے کہا کہ پورٹ قاسم پر دو اضافی ملٹی پرپز برتھ جلد مکمل کر لی جائیں گی۔ انہوں نے پورٹ قاسم اتھارٹی کو ان کی تعمیر کے لئے واضح ٹائم لائن فراہم کرنے کی ہدایت کی۔چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی نے آگاہ کیا کہ 30 ہزار میٹرک ٹن اضافی سٹوریج کیپسٹی کی منظوری کے لئے تجویز پی کیو اے بورڈ کو بھیجی جا چکی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ سٹوریج سہولیات کی مرمت دسمبر 2025 تک مکمل کر دی جائے گی۔چیئرمین کے پی ٹی نے بتایا کہ برتھ نمبر 10 سے 17 اپریل 2026 تک مکمل ہو جائیں گے۔ ہارون اختر خان نے سٹیٹ بینک کو ہدایت کی کہ ڈھاکہ میں پاکستانی سفیر سے رابطہ کر کے بنگلہ دیشی سیمنٹ درآمد کنندگان کی فہرست حاصل کی جائے۔

انہوں نے زور دیا کہ یہ فہرست بنگلہ دیش میں موجود پاکستانی بینکوں کے لئے ایل سی کے معاملات میں سہولت فراہم کرے گی اور پاکستانی سیمنٹ کی مسابقت کو بڑھائے گی۔عملی اقدامات کو مزید بہتر بنانے کے لئے ہارون اختر خان نے ایک ذیلی ورکنگ گروپ تشکیل دیا جس میں وزارتِ ریلوے، وزارتِ بحری امور، کے پی ٹی اور عارف حبیب کے نمائندگان شامل ہوں گے۔

یہ گروپ کراچی شمالی بائی پاس کے قریب ٹرک مارشلنگ یارڈز کے لئے زمین کی نشاندہی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹرک مارشلنگ یارڈز کے قیام سے سیمنٹ ٹرکوں کی ترسیل میں وقت اور لاگت دونوں کی بچت ہوگی۔ہارون اختر خان نے برآمدکنندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کی۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ وزیراعظم شہباز شریف دن رات محنت کر رہے ہیں تاکہ پاکستان کے برآمدکنندگان کو عالمی منڈی میں زیادہ مسابقتی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں