پیرس سینٹ جرمین کی فلیمینگو کو شکست، قطر میں نئی تاریخ رقم

دوحہ۔18دسمبر (اے پی پی):فرانسیسی دارالحکومت کے مایہ ناز کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) نے فلیمینگو کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر تاریخ رقم کر دی اور ’’فیفا انٹرکانٹینینٹل کپ قطر 2025‘‘ کے فاتح بن گئے۔ بدھ کی رات کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں خویچا کواراسکیلیا اور جورجینہو کے گولز کی بدولت میچ مقررہ وقت تک برابر رہا، جس کے بعد پی ایس جی فیفا …

دوحہ۔18دسمبر (اے پی پی):فرانسیسی دارالحکومت کے مایہ ناز کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) نے فلیمینگو کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر تاریخ رقم کر دی اور ’’فیفا انٹرکانٹینینٹل کپ قطر 2025‘‘ کے فاتح بن گئے۔ بدھ کی رات کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں خویچا کواراسکیلیا اور جورجینہو کے گولز کی بدولت میچ مقررہ وقت تک برابر رہا، جس کے بعد پی ایس جی فیفا کا کوئی بھی عالمی ٹورنامنٹ جیتنے والا پہلا فرانسیسی کلب بن گیا۔ جنوبی امریکی چیمپئن فلیمینگو کی ٹیم دو ٹرافیاں جیت کر ریو ڈی جنیرو واپس لوٹے گی، تاہم وہ آخری مرحلے پر کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان فیفا کے کسی بھی مقابلے میں یہ پہلی ملاقات تھی، جس میں’’لیس روج ایٹ بلیو‘‘ (پی ایس جی ) اپنے برازیلی حریفوں پر حاوی دکھائی دیے۔ اس فتح کے ساتھ پی ایس جی نے نہ صرف سال 2025 کا اختتام شاندار انداز میں کیا بلکہ اپنی یو ای ایف اے چیمپئنز لیگ کی ٹرافی میں ایک اور عالمی اعزاز کا اضافہ بھی کر لیا۔ میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا، لیکن 38 ویں منٹ میں پی ایس جی کے خویچا کواراسکیلیا نے ڈیزیری ڈوئے کے کراس پر گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔جنوبی امریکہ کے چیمپئنز نے پی ایس جی کی برتری کے سامنے ہمت نہیں ہاری اور دوسرے ہاف میں بھرپور جذبے کے ساتھ میدان میں اترے۔ ان کی اس محنت کا صلہ 62 ویں منٹ میں اس وقت ملا جب باکس کے اندر مارکینہوس کے فاؤل پر انہیں پنالٹی دی گئی۔

جورجینہو نے اپنے مخصوص انداز میں پنالٹی کک کو گول میں تبدیل کر کے اسکور برابر کر دیا، جس پر سٹیڈیم میں موجود فلیمینگو کے مداح خوشی سے نہال ہو گئے۔ میچ کے مقررہ وقت اور اضافی وقت کے خاتمے تک اسکور برابر رہا اور دونوں ٹیموں کی سر توڑ کوششوں کے باوجود کوئی مزید گول نہ ہو سکا۔فیصلہ کن پنالٹی شوٹ آؤٹ میں پی ایس جی نے 1-2 سے کامیابی حاصل کی۔ اس اعصاب شکن شوٹ آؤٹ میں نو میں سے چھ پنالٹیز یا تو ضائع ہوئیں یا روک لی گئیں، تاہم پی ایس جی کے گول کیپر متوئی سافونوف ہیرو بن کر ابھرے جنہوں نے لوئیز اراؤجو کی فیصلہ کن ہٹ کو روک کر اپنی ٹیم کی جیت یقینی بنائی۔ شکست کے باوجود فلیمینگو کی ٹیم خالی ہاتھ گھر نہیں جا رہی، کیونکہ انہوں نے میکسیکو کے کروز ازول اور مصر کے پیرامڈز کو شکست دے کر ‘فیفا ڈربی آف دی امریکہ’ اور ‘فیفا چیلنجر کپ’ کی ٹرافیاں پہلے ہی اپنے نام کر لی تھیں۔

فلپے لوئس کی زیرِ نگرانی فلیمینگو کا حالیہ سفر انتہائی شاندار رہا ہے، جہاں انہوں نے گزشتہ پانچ مقابلوں میں چار ٹرافیاں جیتیں۔ دو فیفا اعزازات کے علاوہ، وہ کونمیبول لیبرٹاڈوریس اور کیمپیوناٹو برازیلیرو سیری اے کے ٹائٹلز جیت کر دوحہ پہنچے تھے۔ دوسری جانب، یہ رات پی ایس جی کے کوچ لوئس اینریکے کے لیے بھی جشن کا باعث تھی، جنہیں فائنل سے ایک رات قبل منعقدہ ایک پروقار تقریب میں ‘فیفا بیسٹ مینز کوچ 2025’ کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔یہ میچ قطر میں نومبر اور دسمبر 2025 کے دوران منعقد ہونے والے تین بڑے ٹورنامنٹس میں سے دوسرے کا اختتام تھا۔

یہ سال فیفا اور قطر کے لیے ایک اور سنگ میل ثابت ہوا، جہاں نومبر میں فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ کھیلوں کے اس کیلنڈر کا اختتام 18 دسمبر کو قطر کے قومی دن کے موقع پر ‘فیفا عرب کپ 2025’ کے فائنل سے ہوگا، جو لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر پی ایس جی کے وٹینیا کو’’ارامکو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ‘‘ قرار دیا گیا۔