کراچی ۔ 21 فروری (اے پی پی) وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے ایوی ایشن سردار مہتاب احمد خان نے ہدایت کی ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) کو دوبارہ سے صف اول کی ائر لائنوں میں شامل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ پی آئی اے سے جاری کردہ تصحیح شدہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پی آئی اے ہیڈ …
پی آئی اے کو دوبارہ صف اول کی ائر لائنوں میں شامل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں، سردار مہتاب احمد خان
کراچی ۔ 21 فروری (اے پی پی) وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے ایوی ایشن سردار مہتاب احمد خان نے ہدایت کی ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) کو دوبارہ سے صف اول کی ائر لائنوں میں شامل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ پی آئی اے سے جاری کردہ تصحیح شدہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پی آئی اے ہیڈ آفس کے دورے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے اور انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے کہ تمام فیصلوں میں میرٹ اور شفافیت کو مقدم رکھا جائے۔ انتظامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو عوام کے ٹیکس کے پیسے سے چلایا جاتا ہے اور اس کے خسارے میں کمی اور ادارے کو منافع بخش بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ حکومت نے متعدد مواقع پر پی آئی اے کی مدد کی ہے اور اب اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ ائر لائن کو درپیش مشکلات دور کرنے کا قابل عمل حل تلاش کیا جائے۔









