شارجہ۔ 23 فروری (اے پی پی) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری کامیابی حاصل کر لی، اس فتح کے ساتھ ہی اسلام آباد نے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کر لی، فاتح ٹیم نے 144 رنز کا ہدف 17ویں اوورمیں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، لیوک رونکی نے 67 اور پٹیل نے …
پی ایس ایل فور، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے ہرا کر تیسری کامیابی حاصل کر لی
شارجہ۔ 23 فروری (اے پی پی) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری کامیابی حاصل کر لی، اس فتح کے ساتھ ہی اسلام آباد نے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کر لی، فاتح ٹیم نے 144 رنز کا ہدف 17ویں اوورمیں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، لیوک رونکی نے 67 اور پٹیل نے 45 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، رونکی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ہفتہ کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے 13ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ ٹیم کے کپتان محمد سمیع نے ٹاس جیت کر پہلے باﺅلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا تو کراچی کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے، کراچی کنگز کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور 46 کے سکور پر اس کے 4 کھلاڑی آﺅٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے تھے، بابر اعظم 27، کولن منرو بغیر کوئی رن بنائے، اویس ضیاء3 اور کولن انگرام 5 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، اس موقع پر لیونگسٹون اور بین ڈنک نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن 74 کے سکور پر لیونگسٹون 22 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے، کپتان عماد وسیم بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، اس کے بعد عامر یامین نے بین ڈنک کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 69 رنز جوڑ کر ہدف کو فائٹنگ بنا دیا، ڈنک 49 اور یامین 35 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، فہیم اشرف نے 3، رومان رئیس اور محمد موسیٰ نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مطلوبہ ہدف 17ویں اوور کی پہلی گیند پر 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، 5 کے سکور پر اسلام آباد کو ڈیلپورٹ کا نقصان اٹھانا پڑا جو بغیر کوئی رن بنائے رن آﺅٹ ہوئے، اس موقع پر لیوک رونکی نے صاحبزادہ فرحان کے ساتھ مل کر عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ میں 80 قیمتی رنز جوڑ کر سکور 85 تک پہنچا دیا، یہاں پر فرحان 30 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے، حسین طلعت بغیر کوئی رن بنائے عماد وسیم کی گیند پر آﺅٹ ہوئے، اس کے بعد لیوک رونکی نے سامت پٹیل کے ساتھ مل کر عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھا اور چوتھی وکٹ میں 62 ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، رونکی 67 اور پٹیل 45 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔









