پی ایس ایل کا پہلا اپ سیٹ۔ملتان سلطانز نے دفاعی چیمپئن گلیڈی ایٹرز کوڈھیر کردیا

ملتان ۔29 فروری (اے پی پی)پاکستان سپرلیگ(پی ایس ایل فائیو)کے پہلے ا پ سیٹ میں ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30رنزسے ہراکر ہوم گرائونڈ پر اپنی جیت کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میںہفتے کے روز پاکستان سپرلیگ کے گیارہویں میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا ۔ ملتان سلطانز نے آج کے …

ملتان ۔29 فروری (اے پی پی)پاکستان سپرلیگ(پی ایس ایل فائیو)کے پہلے ا پ سیٹ میں ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30رنزسے ہراکر ہوم گرائونڈ پر اپنی جیت کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میںہفتے کے روز پاکستان سپرلیگ کے گیارہویں میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا ۔ ملتان سلطانز نے آج کے میچ میں ایک تبدیلی کی اور شاہد آفریدی کو آرام دے کربلاول بھٹی کو کھلایا۔ ملتان سلطانز کی اننگز کا آغاز اچھانہ تھا ۔ذیشان اشرف صرف آٹھ رنز بنا کر نسیم شاہ کی بال پر آئوٹ ہوگئے۔ جیمزوینس29 اور معین علی بھی 6رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ بعد ازاں کپتان شان مسعود اورریلی روسو کے درمیان 139رنز کی شاندار پارنٹر شپ ہوئی۔187کے مجموعی سکورپر ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود حسنین کی بال پر اعظم خان کوکیچ دے بیٹھے۔ انہوںنے 46زنز کی شاندار اننگز کھیلی۔اس کے بعد خوشدل شاہ بھی ایک رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ ریلی روسو نے جارحانہ کھیلتے ہوئے 44گیندوں پر 10چوکوں اور6چھکوں کی مدد سے 100رنز بنائے۔ملتان سلطانز کی ٹیم نے مقررہ اوورزمیں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 199رنز بنائے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نسیم شاہ ،حسنین، بین کٹنگ ، نواز اور سہیل خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔دوسری اننگز میں 200رنز کا تعاقب کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز جیسن رائے اور شین واٹسن نے جارحانہ اننگز کھیلی اورسکور 57رنز تک پہنچا دیا۔ ساتویں اوور کی چوتھی بال پر جیسن رائے بلاول بھٹی کا شکارہوگئے۔احسن علی 14رنز بناسکے اور خوشدل شاہ کی بال پرآئوٹ ہوگئے۔اعظم خان بھی اچھی اننگز نہ کھیل سکے اور عمران طاہر کی بال پر صرف چھ رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔عمران طاہر کی جانب سے چودھویں اوور کی چوتھی بال پر معین علی نے 69کے سکور پر شین واٹس کا کیچ ڈراپ کردیا۔ لیکن شین واٹسن اپنے مجموعی سکور میں مزید 11رنز کا اضافہ کرکے سولہویں اوور میں عمران طاہر ہی کی بال پر معین علی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔شین واٹسن نے 7چوکوں اور 7چھکوں کی مدد سے 41بالوں پر80رنزبنائے۔بین کٹنگ 12رنز بناکربلاول بھٹی کی بال پر آئوٹ ہوکرپویلین لوٹ گئے۔بلاول بھٹی نے اپنی تیسری وکٹ انور علی کو آئوٹ کرکے حاصل کی ۔ سہیل خان ایک رنز بنا کر رن آئوٹ ہوگئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر صرف 169رنز بناسکی۔ملتان سلطانز کی جانب سے بلاول بھٹی نے تین،عمران طاہر نے دو اور خوشدل شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔