پی ایس جی کی فٹ بال ٹیم مسلسل دوسری مرتبہ چیمپئنز لیگ فائنل میں پہنچ گئی

پی ایس جی کی فٹ بال ٹیم مسلسل دوسری مرتبہ چیمپئنز لیگ فائنل میں پہنچ گئی

برلن۔7مئی (اے پی پی):پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی )کی فٹ بال ٹیم نے چیمپئنز لیگ سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے میں بائرن میونخ کو 1-1 گول سے برابر کرکے مجموعی طور پر 5 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دے دی اور مسلسل دوسری بار فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ ای ایس پی این کے مطابق جرمنی کے شہر میونخ میں کھیلے گئے چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے میں پی ایس جی اور بائرن میونخ کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا تاہم پہلے مرحلے میں 4-5 کی برتری کی بدولت پیرس سینٹ جرمین نے مجموعی طور پر 5-6 کے سکور سے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

کھیل کے تیسرے ہی منٹ میں عثمان ڈیمبیلے نے گول کر کے پی ایس جی کو برتری دلا دی تھی جس کے بعد بائرن میونخ کی ٹیم شدید دباؤ کا شکار رہی حالانکہ ہیری کین نے میچ کے آخری لمحات میں گول کر کے مقابلہ برابر کیا لیکن یہ کوشش اپنی ٹیم کو ٹورنامنٹ سے باہر ہونے سے نہ بچا سکی۔ میچ کے دوران ریفری کے بعض فیصلے متنازع رہے اور بائرن میونخ نے پنالٹی کی اپیلیں بھی کیں جنہیں مسترد کر دیا گیا جبکہ پی ایس جی کے گول کیپر اور دفاعی لائن نے بہترین کھیل پیش کر کے حریف ٹیم کے حملوں کو ناکام بنایا۔

واضح رہے کہ اب چیمپئنز لیگ کا فائنل 30 مئی کو بڈاپسٹ میں پی ایس جی اور آرسنل کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ بائرن میونخ کے کوچ ونسنٹ کمپنی نے شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے حریف ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔