پی ایس ڈی پی کے تحت اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی تین اہم جاری سکیموں کے لئے مجموعی طور پر 1,786.080 ملین روپے مختص

وفاقی حکومت نے مالی سال 27-2026 کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی تین اہم جاری سکیموں کے لئے مجموعی طور پر 1,786.080 ملین روپے مختص کئے ہیں۔

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وفاقی حکومت نے مالی سال 27-2026 کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی تین اہم جاری سکیموں کے لئے مجموعی طور پر 1,786.080 ملین روپے مختص کئے ہیں۔ پی ایس ڈی پی 27-2026 کے مطابق فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے اندرونی طریقہ کار اور امتحانی نظام کو خودکار بنانے (آٹومیشن) کے منصوبے کے لئے نئے مالی سال کے بجٹ میں 791.606 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ اس منصوبے کی مجموعی لاگت کا تخمینہ 1,790.630 ملین روپے ہے۔ اسی طرح اسلام آباد کے سیکٹر H-8/4 (فیز-1) میں خواتین افسران کے لئے رہائشی سہولیات کی تعمیر کے منصوبے کے لئے بجٹ میں 827.464 ملین روپے تجویز کئے گئے ہیں جس کی کل لاگت 916.464 ملین روپے ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے تیسرے منصوبے، سیکٹر G-7 اسلام آباد میں سٹاف ویلفیئر کے ورکنگ ویمن ہاسٹل کی اپ گریڈیشن کے لئے پی ایس ڈی پی میں 167.010 ملین روپے رکھے گئے ہیں جبکہ اس سکیم کی مجموعی لاگت 267.010 ملین روپے ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ان تینوں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مجموعی لاگت 2,974.104 ملین روپے ہے جس میں سے 30 جون 2026 تک 294.359 ملین روپے کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔