اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی )کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے کہا ہے کہ پی ایم اینڈ ڈی سی نے اپنے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل تبدیلی کے ذریعے جدید خطوط پر استوار کرنے اور عالمی بہترین عملی طریقوں کے مطابق لانے کے لئے ایک جامع تنظیمِ نو کا منصوبہ شروع کر دیا ہے،یہ تاریخی اصلاحاتی اقدام شفافیت، احتساب، …
پی ایم اینڈ ڈی سی نے جامع تنظیمِ نو کا منصوبہ شروع کر دیا ہے، پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج

مزید خبریں
اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی )کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے کہا ہے کہ پی ایم اینڈ ڈی سی نے اپنے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل تبدیلی کے ذریعے جدید خطوط پر استوار کرنے اور عالمی بہترین عملی طریقوں کے مطابق لانے کے لئے ایک جامع تنظیمِ نو کا منصوبہ شروع کر دیا ہے،یہ تاریخی اصلاحاتی اقدام شفافیت، احتساب، کارکردگی اور خدمات کی فراہمی کو مضبوط بنانے کے لئے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ پی ایم اینڈ ڈی سی پاکستان بھر میں طبی و ڈینٹل تعلیم، لائسنسنگ اور پیشہ وارانہ ضوابط میں اعلیٰ معیار برقرار رکھ سکے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ تنظیمِ نو پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل میں شفافیت اور بہترین کارکردگی کے ایک نئے دور کا آغاز ہے،
کونسل نے اپنے تنظیمی ڈھانچےکا مکمل جائزہ لے کر اسے ازسرنو مرتب کیا ہے، ہر عہدے کے لئے ملازمت کی تفصیلات باضابطہ طور پر متعین کر دی گئی ہیں تاکہ ذمہ داریوں اور رپورٹنگ کے نظام میں وضاحت پیدا ہو، احتساب کو فروغ دیا جا سکے اور انتظامی امور میں غیر ضروری تکرار ختم کی جا سکے،تنظیمِ نو کے حصے کے طور پر پی ایم اینڈ ڈی سی تمام کلیدی خالی آسامیوں کو پر کر رہی ہے تاکہ مالی نظم و ضبط، قانونی تعمیل اور انتظامی کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے، اہل پیشہ ور افراد کی بروقت شمولیت سے ڈیجیٹل گورننس اور ادارہ جاتی صلاحیت مضبوط ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ماہانہ اور سالانہ کارکردگی کے منظم جائزے کا نظام متعارف کرایا گیا ہے جس میں سالانہ خفیہ رپورٹس (اے سی آرز ) اور باقاعدہ کارکردگی کے تجزیے شامل ہیں تاکہ ترقیوں اور عہدوں کی اپ گریڈیشن کے فیصلوں میں رہنمائی فراہم کی جا سکے، اس کے ساتھ ساتھ بہترین کارکردگی دکھانے والے ملازمین کے لئے مالی انعامات پر مبنی نظام بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ ادارہ برتری کا انحصار انسانی وسائل پر ہے، پی ایم اینڈ ڈی سی نے تمام ملازمین کے لئے جامع تربیتی اور ترقیاتی پروگرام شروع کئے ہیں، ان میں استعداد کار بڑھانے کے لئے ورکشاپس اور ماہرین و تربیت کاروں کی زیرِ نگرانی پیشہ وارانہ سیشن شامل ہیں تاکہ تکنیکی، انتظامی اور قائدانہ صلاحیتوں میں بہتری لائی جا سکے۔پی ایم اینڈ ڈی سی ایک مکمل ڈیجیٹل ماحول کی طرف منتقلی کے عمل میں ہے جس کے لئے انٹرپرائز ریسورس پلاننگ (ای آر پی ) نظام نافذ کیا جا رہا ہے، یہ نظام رجسٹریشن ، لائسنسنگ منظوری سے لے کر انسانی وسائل کے انتظام تک تمام عملی عملوں کو مربوط کرے گا تاکہ ڈیٹا کی درستگی اور خدمات کی تیز تر فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ گورننس کو مضبوط کرنے، طریقہ کار کی خامیوں سے بچنے اور مالی و انتظامی نگرانی کو بہتر بنانے کے لئے ایک جامع اندرونی کنٹرول سسٹم بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ ہر سطح پر احتساب کا کلچر فروغ پائے۔
پی ایم اینڈ ڈی سی ایک آسان اور محفوظ ڈیجیٹل انٹرفیس متعارف کروا رہی ہے جو درخواست دہندگان، اداروں اور پیشہ وران کے لئے بہتر رسائی اور حفاظت کے ساتھ خدمات فراہم کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ایم اینڈ ڈی سی نے اپنے امتحانات کے رجسٹریشن سسٹم کو بھی ڈیجیٹل کر دیا ہے تاکہ طلباء اور پیشہ ور افراد کو شفاف اور باآسانی تجربہ فراہم کیا جا سکے۔ جدید ایم ڈی کیٹ ، این آر ای اور این ای بی سسٹمز اب آن لائن رجسٹریشن، ریئل ٹائم ٹریکنگ اور خودکار پراسیسنگ فراہم کرتے ہیں جس سے غلطیوں اور تاخیر میں نمایاں کمی آئے گی۔پی ایم اینڈ ڈی سی نے لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، اور گلگت بلتستان میں ریجنل فیسلیٹیشن سینٹرز قائم کئے ہیں تاکہ لائسنسنگ، رجسٹریشن، منظوری، اور عوامی خدمات فراہم کی جا سکیں اور ملک بھر میں مساوی رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
صدر پی ایم اینڈ ڈی سی نے کہا کہ ہماری توجہ کارکردگی، احتساب اور جدت پر مرکوز ہے، ڈیجیٹل تبدیلی، مضبوط طرزِ حکمرانی اور اپنے عملے کی مسلسل پیشہ وارانہ ترقی کے ذریعے پی ایم اینڈ ڈی سی طبی اور دندانی برادری کی خدمت ایمانداری اور پیشہ وارانہ انداز میں جاری رکھے گی،یہ تنظیمِ نو کا اقدام خودکار نظاموں اور احتساب کے ذریعے عملی کارکردگی کو بہتر بنائے گا، ملازمین کی حوصلہ افزائی اور پیداواریت میں اضافہ کرے گا اور شفاف تشخیصی و انعامی نظام کے ذریعے ان کی کارکردگی کو تسلیم کرے گا۔
تمام محکموں میں گورننس اور اندرونی کنٹرول کو مزید مستحکم کیا جائے گاجس سے ادارے کی ساکھ اور دیانت میں اضافہ ہو گا۔ مزید برآں علاقائی رابطوں کے ذریعے ملک بھر میں اداروں اور پیشہ وران کے لئے سہولت میں اضافہ ہوگا،شفاف، بروقت اور محفوظ خدمات کی فراہمی کے ذریعے پی ایم اینڈ ڈی سی نہ صرف اپنے سٹیک ہولڈرز کے اطمینان میں اضافہ کرے گی بلکہ اپنی قومی ساکھ اور بین الاقوامی شناخت کو بھی مزید مضبوط بنائے گی۔








