پی ایم اینڈ ڈی سی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج کی ادارہ جاتی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے جامع اصلاحات کی ہدایات، اہم انتظامی اقدامات کا اعلان

پی ایم اینڈ ڈی سی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج کی ادارہ جاتی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے جامع اصلاحات کی ہدایات، اہم انتظامی اقدامات کا اعلان

اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی ) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے رجسٹرار پی ایم اینڈ ڈی سی کی موجودگی میں تمام شعبہ جات کے سربراہان کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کا مقصد مختلف شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لینا، انتظامی مسائل کا حل تلاش کرنا اور ادارے میں کارکردگی، شفافیت اور عوامی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے اصلاحات متعارف کروانا تھا۔پی ایم ڈی سی سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس کے دوران تمام شعبہ جات کے سربراہان نے اپنی کارکردگی، زیر التوا معاملات، عملے کی حاضری، انتظامی مسائل اور مجوزہ اصلاحات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

تفصیلی غور و خوض کے بعد ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوامی خدمات کو مؤثر بنانے کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔فنانس ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی گئی کہ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں سے متعلق مالی دستاویزات کی تصدیق، ڈبل فیس ادائیگیوں اور فیس ریفنڈ کی درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے۔ ان معاملات کی بروقت تکمیل کے لیے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے ایک خصوصی ٹریکنگ سسٹم متعارف کروایا جائے گا۔فیکلٹی ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے غیر فعال فیکلٹی ممبران کو متعلقہ اداروں کے تعاون سے دوبارہ فعال کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اس کے علاوہ، ڈپلیکیٹ اندراجات کے خاتمے اور فعال فیکلٹی ریکارڈ کی تصدیق کے اقدامات بھی منظور کیے گئے تاکہ فیکلٹی ڈیٹا بیس کی درستگی اور شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) ڈیپارٹمنٹ کو معائنوں کی پیش رفت اور وزیرِ انچارج کے لیے عمومی اپ ڈیٹس کی نگرانی کے لیے ایک ڈیش بورڈ تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔

شکایات کے نظام (سی ایم ایس ) کے تحت موصول ہونے والی زیر التوا شکایات کی ہفتہ وار رپورٹ ہر جمعہ کو صدر کو پیش کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، پی ایم اینڈ ڈی سی کی ویب سائٹ پر موجود معلومات کی تصدیق اور آن لائن انسپیکشن پورٹل کی فوری تیاری کی بھی ہدایت دی گئی۔قانونی شعبے کی زیر التوا تادیبی مقدمات کے بروقت نمٹانے پر تعریف کی گئی۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ علاج کے دوران جان کے ضیاع سے متعلق شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے تاکہ جلد انصاف فراہم کیا جا سکے۔ قانونی اور تادیبی کمیٹیوں کے لیے خصوصی سافٹ ویئر بھی تیار کیے جائیں گے۔انسپیکشن ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی گئی کہ وہ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے ڈیجیٹلائزیشن کے اقدامات اور ماسٹر ٹرینر پروگرام تیار کرے۔

ویلیڈیشن ڈیپارٹمنٹ کو آئندہ اجلاس میں زیر التوا تصدیقات کی تفصیلات پیش کرنے اور غلط مدات میں جمع ہونے والی فیسوں کے مسائل کو آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے حل کرنے کی ہدایت دی گئی۔لائسنسنگ ڈیپارٹمنٹ کی لائسنسنگ کیسز کے بروقت نمٹانے پر تعریف کی گئی اور ہدایت دی گئی کہ تجدیدی کیسز اور لائسنس کی توسیع کے معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹا کر زیر التوا معاملات کو مزید کم کیا جائے۔ایکسپیریئنس ڈیپارٹمنٹ میں عملے کی کارکردگی بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور آئندہ چار ہفتوں کے دوران افسران اور عملے کے لیے صلاحیت سازی کی ورکشاپس منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا۔

امتحانی شعبے کو ہدایت دی گئی کہ عوام کو جعلی اور دھوکہ دہی پر مبنی ایم ڈی کیٹ پورٹلز سے محفوظ رکھنے کے لیے پی ایم اینڈ ڈی سی کی سرکاری ویب سائٹ پر مناسب انتباہ جاری کیا جائے۔صدر پی ایم اینڈ ڈی سی نے مزید اعلان کیا کہ ہر ماہ کے پہلے پیر کو تمام شعبہ جات کے سربراہان کے ساتھ باقاعدہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ تمام شعبوں کو اسٹریٹجک روڈ میپس برقرار رکھنے، شکایات کے نظام کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات کو بروقت نمٹانے اور ادارہ جاتی ڈیٹا کو ہر وقت اپ ڈیٹ رکھنے کی ہدایت دی گئی۔صدر نے نظم و ضبط، احتساب اور ڈیجیٹل تبدیلی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ الیکٹرانک فائل سسٹم (ای ایف ایس) کے نفاذ کے بعد کاغذی فائلوں کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ شعبہ جات کے سربراہان کو افرادی قوت کے مؤثر انتظام کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔

مزید خبریں