پی ایچ اے کا صوبے میں باغات اور سرسبز مقامات کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ

پنجاب ہارٹی کلچر اتھارٹی نے صوبہ بھر میں باغات اور سرسبز مقامات کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ سرسبز علاقہ کو بڑھایا اور شہروں کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جا سکے

لاہور۔1جولائی (اے پی پی):پنجاب ہارٹی کلچر اتھارٹی نے صوبہ بھر میں باغات اور سرسبز مقامات کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ سرسبز علاقہ کو بڑھایا اور شہروں کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جا سکے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل مرزا ولید بیگ نے ضلعی منیجنگ ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال پی ایچ اے کے قیام کے بعد اس کے دائرہ اختیار میں آنے والے نئے اضلاع میں موجود باغات کی بہتری اور نئے پارکس کا قیام اتھارٹی کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے بتایاکہ رواں مالی سال میں تمام ضلعی ایجنسیاں شجرکاری کی خصوصی مہمات چلائیں گی تاکہ صوبے میں درختوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکے۔

اس حوالے سے پی ایچ اے نے حال ہی میں درختوں کے تحفظ کے لیے نئے ضوابط بھی نافذ کیے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ پی ایچ اے ٹری آفیسرز بھی تعینات کرے گا،جو درختوں کا معائنہ، ڈیجیٹل ریکارڈ کی دیکھ بھال، درخواستوں کی جانچ،دوبارہ شجرکاری کی نگرانی اور ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔خلاف ورزی کی صورت میں ایک سال تک قید،پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکیں گی۔پی ایچ اے باغبانی کے ساتھ ساتھ ملتان،گوجرانوالہ،لاہور اور فیصل آباد سمیت مختلف شہروں میں لینڈ اسکیپ کی خوبصورتی پر بھی کام کر رہی ہے جہاں رنگ برنگی لائٹس،دیواری آرائش،مصوری اور آرائشی ڈھانچے نصب کئے گئے ہیں۔