پی اے اے اور این ڈی ایم اے کے درمیان ایرو ناٹیکل سرچ اینڈ ریسکیو سروسز کے فروغ کےلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط
پی اے اے اور این ڈی ایم اے کے درمیان ایرو ناٹیکل سرچ اینڈ ریسکیو سروسز کے فروغ کےلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط
اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اےاے) اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے درمیان ایرو ناٹیکل سرچ اینڈ ریسکیو (ایس اے ار) سروسز میں تعاون کے فروغ کےلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ معاہدے پر این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ڈائریکٹر آپریشنز پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی عدنان خان اور ڈائریکٹر (رسپانس) این ڈی ایم اے، لیفٹیننٹ کرنل علی عمران سید نے دستخط کیے۔
معاہدے کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان بہتر معلومات کے تبادلے، مشترکہ آپریشنل منصوبہ بندی اور استعداد کار میں اضافے کے ذریعے ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ اس اقدام سے فضائی ہنگامی حالات سے نمٹنے کےلئے قومی سطح پر تیاری اور ردعمل میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔
یہ اشتراک بین الاقوامی معیار، بشمول بین الاقوامی شہری ہوابازی تنظیم کے اینیکس 12 اور انٹرنیشنل ایروناٹیکل اینڈ ماریٹائیم سرچ اینڈ ریسکیو مینوئل سے ہم آہنگ ہے اور ملک بھر میں موثر اور مربوط سرچ اینڈ ریسکیو سروسز کی فراہمی کےلئے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے عزم کا مظہر ہے۔









