پی سی بی کا ون ڈے انٹرنیشنل میچ کو چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے طور پر منانے کا فیصلہ

پی سی بی کا ون ڈے انٹرنیشنل میچ کو چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے طور پر منانے کا فیصلہ

لاہور۔18اکتوبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان25 اکتوبر کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے ون ڈے انٹرنیشنل میچ کو چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان جاری سہ ملکی سیریز کے چوتھے ون ڈے میچ میں پنک ربن مہم کے تحت خصوصی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف میچ میں خصوصی طور پر تیار کردہ گلابی کٹ زیب تن کرے گی جبکہ انگلینڈ کی ٹیم، میچ آفیشلز اور کمنٹیٹرز کو بھی گلابی ربن پہننے کی دعوت دی جائے گی۔ میچ کے دوران پنک سٹمپس استعمال ہوں گی، جبکہ سٹیڈیم کی بڑی سکرینوں اور ایل ای ڈی بورڈز پر چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے پیغامات نشر کیے جائیں گے۔

پی سی بی کے مطابق میچ کے آغاز سے 2 گھنٹے قبل قذافی سٹیڈیم میں پنک ربن مہم کے سلسلے میں خصوصی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا۔ قومی کرکٹرز بھی ویڈیو پیغامات کے ذریعے چھاتی کے سرطان کی بروقت تشخیص اور علاج کی اہمیت اجاگر کریں گے۔ پی سی بی نے پنک ربن مہم کے لیے خصوصی گلابی شرٹس بھی متعارف کروا دی ہیں۔ اس سلسلے میں پنک ربن بریسٹ کینسر ٹرسٹ ہسپتال لاہور میں 24 اور26 اکتوبر کو شائقین کے لیے مفت سکریننگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید نے کہا کہ کرکٹ کی مقبولیت کو چھاتی کے سرطان سے آگاہی، بروقت تشخیص اور علاج کی اہمیت کا پیغام عام کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی علی عدنان زیدی کا کہنا تھا کہ پی سی بی چاہتا ہے کہ شائقین کرکٹ بھی پنک ربن مہم کا حصہ بنیں اور بروقت تشخیص اور سکریننگ کا پیغام اپنے خاندانوں اور معاشرے تک پہنچائیں۔

پنک ربن پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر آفتاب نے کہا کہ پی سی بی کے ساتھ اشتراک کے ذریعے لاکھوں افراد تک چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا پیغام پہنچانے اور مستحق خواتین کے علاج میں معاونت کا موقع ملے گا۔