پی ٹی آئی کے دور میں معیشت اوراداروں کو شدید نقصان پہنچایا گیا،موجودہ حکومت کے دور میں پاکستان کا وقار عالمی سطح پر بلند ہورہا ہے، وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امورڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں معیشت اوراداروں کو شدید نقصان پہنچایا گیا،موجودہ حکومت کے دور میں پاکستان کا وقار عالمی سطح پر بلند ہورہا ہے ۔ہفتے کو نجی ٹی وی سے گفتگو میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عالمی رہنماؤں بشمول امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسلامی ممالک کے رہنماؤں …

اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امورڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں معیشت اوراداروں کو شدید نقصان پہنچایا گیا،موجودہ حکومت کے دور میں پاکستان کا وقار عالمی سطح پر بلند ہورہا ہے ۔ہفتے کو نجی ٹی وی سے گفتگو میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عالمی رہنماؤں بشمول امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسلامی ممالک کے رہنماؤں کی طرف سے تاریخی پذیرائی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کا وقار عالمی سطح پر تیزی سے بلند ہو رہا ہے جو گزشتہ 70 برسوں میں کبھی نہیں دیکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ آج ہم اتنی مضبوط پوزیشن پر کھڑے ہیں، چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک سفارتکاری اور فوجی وقار کے باعث دنیا بھر میں عزت حاصل کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر عمران خان جیل میں ہیں تو وہ اپنی کرپشن کے اعمال کا نتیجہ بھگت رہے ہیں، احتساب ضروری ہے اور کوئی قانون سے بالاتر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں معیشت اور اداروں کو شدید نقصان پہنچایا گیا، آج بھی پی ٹی آئی حکومت کی کامیابیوں اور پاکستان کے بڑھتے ہوئے عالمی وقار کو تسلیم کرنے سے انکاری ہے جو ان کی سیاسی تنگ نظری کو ظاہر کرتا ہے۔پیپلز پارٹی کے تحفظات سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تمام قانون سازی بشمول اقتصادی فیصلے جیسے گندم کی قیمتوں کا تعین تمام اتحادی جماعتوں کے باہمی مشورے سے کیے گئے، ہماری حکومت جمہوریت اور عوامی فلاح پر یقین رکھتی ہے انتہا پسندی پر نہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کو اپنا رویہ بدلنا ہوگا ، سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے بجائے پاکستان کے مفاد کو ترجیح دینی چاہیے۔

مزید خبریں