پی ٹی اے نے گلگت بلتستان میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کو وسعت دینے کا وعدہ کیا ہے ، نگراں وزیر غلام عباس

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):گلگت بلتستان (جی بی) کے نگراں وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی غلام عباس نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملک بھر میں رول آؤٹ کے بعد ایک سے دو ماہ کے اندر خطے میں 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی ہو گی۔اتوار کو ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران …

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):گلگت بلتستان (جی بی) کے نگراں وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی غلام عباس نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملک بھر میں رول آؤٹ کے بعد ایک سے دو ماہ کے اندر خطے میں 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی ہو گی۔اتوار کو ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جی بی کو تیز رفتار انٹرنیٹ تک رسائی میں ملک کے دیگر حصوں سے پیچھے نہیں رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بہتر ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی ای گورننس، آن لائن تعلیم، ٹیلی میڈیسن اور آئی ٹی پر مبنی کاروبار کے لیے بہت اہم ہے۔غلام عباس نے کہا کہ محدود بینڈوتھ اور بنیادی ڈھانچے کے باعث جی بی میں سماجی و اقتصادی ترقی میں مشکلات درپیش ہیں اور خاص طور پر نوجوانوں، طلباء، کاروباری افراد اور سیاحت کے شعبے کو متاثر کر رہے ہیں۔انہوں نے یاد دلایا کہ4 جی رول آؤٹ کے دوران پہلے پاکستان کے وفاقی علاقوں اس کے بعد جی بی اور آزاد جموں و کشمیر میں اس کو رول آئوٹ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جی بی میں تکنیکی جانچ اور انتظامات پہلے نامکمل تھے جس کی وجہ سے تاخیر ہوتی تھی تاہم پی ٹی اے کے چیئرمین نے اب یقین دہانی کرائی ہے کہ وفاقی تعیناتی کے فوراً بعد جی بی میں 5 جی سروسز دستیاب ہوں گی۔انٹرنیٹ اور موبائل کوریج کے چیلنجز کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رہائشیوں اور سیاحوں کو اکثر بجلی کی بندش، کمزور سگنلز اور خراب کنیکٹیویٹی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے ٹیلی کام آپریٹرز پر زور دیا کہ خاص طور پر سیاحتی مقامات پر کوریج کو بہتر بنائیں۔

نگران وزیر نے مزید کہا کہ پی ٹی اے نے خطے میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کو وسعت دینے کا وعدہ کیا ہے اور موبائل کمپنیوں کے تعاون سے آئی ٹی سینٹر کے قیام کی یقین دہانی کرائی ہے۔پی ٹی اے چیئرمین سے ملاقات کے حوالے سے غلام عباس نے کہا کہ چیئرمین نے بتایا کہ اضافی سپیکٹرم کی نیلامی کی تیاریاں جاری ہیں۔پی ٹی اے نے جی بی کونسل، اے جے کے کونسل اور وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کام کو خط لکھا ہے کہ دونوں علاقوں میں ریگولیٹری فریم ورک کے لیے بنیادی کام شروع کیا جائے۔

نگران وزیر نے بتایا کہ پی ٹی اے کے چیئرمین نے کہا کہ ٹیکنیکل ٹیسٹنگ، ریگولیٹری جائزہ اور سپیکٹرم کے انتظامات میں اضافی وقت درکار ہوگا، جی بی اور اے جے کے کے لیے علیحدہ نیلامی کی ضرورت ہے۔پی ٹی اے کے چیئرمین کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک ریگولیٹر کے طور پر ہماری ترجیح یہ ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں سپیکٹرم مفت فراہم کیا جائے تاکہ آپریٹرز تکنیکی انفراسٹرکچر میں اپنے سرمائے کے اخراجات کی سرمایہ کاری کر سکیں۔غلام عباس نے یہ بھی کہا کہ میں نے جی بی کے محکمہ قانون سے کہا ہے کہ خطے کی رائٹ آف وے (RoW) پالیسی سے آگاہ کیا جائے ۔ انہوں نے انٹرنیٹ کی رسائی کو تیز کرنے کے لیے چارجز کو ختم کرنے کی حمایت کا اظہار بھی کیا۔