پی ٹی اے کا فکسڈ لائن براڈبینڈ سروسز کے لیے کوالٹی آف سروس سروے مکمل

پی ٹی اے کا فکسڈ لائن براڈبینڈ سروسز کے لیے کوالٹی آف سروس سروے مکمل

اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے )نے پاکستان کے 31 بڑے شہروں، بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں فکسڈ لائن براڈبینڈ سروسز کے لیے کوالٹی آف سروس سروے کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے۔

یہ سروے 2026 کی پہلی سہ ماہی کے دوران کیے گئے، جن کا مقصد براڈبینڈ سروس فراہم کنندگان (BSPs) کی نیٹ ورک کارکردگی کا جائزہ لینا اور صارفین کو معیاری انٹرنیٹ خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔سروے کے نتائج کے مطابق زیادہ تر براڈبینڈ سروس فراہم کنندگان (BSPs) کارکردگی کے کلیدی پیمانے (KPIs) جیسے نیٹ ورک دستیابی (لوکل اور کور)، جِٹر اور نیٹ ورک لیٹنسی کے حوالے سے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر مقررہ معیارات پر پورا اترتے ہیں۔

تاہم بعض فراہم کنندگان میں مختلف نیٹ ورک پیرامیٹرز کے حوالے سے کارکردگی کے مسائل بھی سامنے آئے ہیں۔ خاص طور پر مصروف اوقات میں بینڈوڈتھ کے زیادہ استعمال کے باعث نیٹ ورک میں دباؤ (Congestion) پیدا ہوا، جس سے انٹرنیٹ کی رفتار کم ہوئی اور صارفین کے تجربے پر منفی اثر پڑا۔ مزید یہ کہ لیٹنسی میں اضافہ مقامی اور بین الاقوامی سطح پر نیٹ ورک روٹنگ اور بیک بون انفراسٹرکچر میں خامیوں کی نشاندہی کرتا ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے متعلقہ آپریٹرز کو ہدایات جاری کی جاتی ہیں کہ وہ فوری طور پر اصلاحی اقدامات اٹھائیں تاکہ نیٹ ورک کارکردگی بہتر بنائی جا سکے اور مجموعی کیو او ایس معیارات میں بہتری لائی جا سکے۔

واضح رہے کہ پی ٹی اے کی جانب سےملک بھر میں فکسڈ لائن براڈبینڈ سروس کے معیار کو بہتر بنانے اور صارفین کو بہتر ڈیجیٹل تجربہ فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ 2026 کی پہلی سہ ماہی کے تفصیلی کوالٹی آف سروس سروے نتائج پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔