پی ٹی ڈی سی کی جانب سے فرانسیسی ماؤنٹین گائیڈ پیئر نیریٹ کو خصوصی اعزاز
پی ٹی ڈی سی کی جانب سے فرانسیسی ماؤنٹین گائیڈ پیئر نیریٹ کو خصوصی اعزاز
اسلام آباد۔4مئی (اے پی پی):پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) نے ملک میں اسکی اور ایڈونچر ٹورازم کے فروغ میں نمایاں خدمات انجام دینے پر ممتاز فرانسیسی ماؤنٹین گائیڈ پیئر نیریٹ کو خصوصی اعزاز سے نوازا ہے۔
یہ اعزاز ان کی تین دہائیوں پر محیط خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔پی ٹی ڈی سی کے مطابق پیئر نیریٹ گزشتہ 30 برسوں سے پاکستان کے معروف پہاڑی سلسلوں قراقرم، ہندوکش اور ہمالیہ میں ٹریکنگ اور کراس کنٹری اسکی مہمات کی قیادت کرتے آ رہے ہیں۔
انہوں نے یورپی سیاحوں کو پاکستان کے برف پوش اور دشوار گزار علاقوں میں محفوظ اور کامیاب رہنمائی فراہم کی، جس سے ملک میں ایڈونچر ٹورازم کو فروغ ملا۔حالیہ سنو لیک اسکی ایکسپیڈیشن کی کامیاب تکمیل کو بھی ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس میں انہوں نے یورپی اسکیئرز کی ٹیم کی قیادت کی۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب میں منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی آفتاب الرحمان رانا نے پیئر نیریٹ کو تعریفی سرٹیفکیٹ پیش کیا۔ تقریب میں معروف کوہ پیما اشرف امان اور دیگر متعلقہ شخصیات بھی موجود تھیں۔پی ٹی ڈی سی کا کہنا ہے کہ پیئر نیریٹ کی خدمات نے پاکستان کو عالمی سطح پر اسکی اور ماؤنٹین ایڈونچر کے ایک اہم مرکز کے طور پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔









