پی پی ایس سی کے زیر اہتمام تحریری امتحانات کامیابی سے مکمل، 25 ہزار سے زائد امیدواروں کی شرکت

پنجاب پبلک سروس کمیشن (پی پی ایس سی) کے زیرِ انتظام ہوم ڈیپارٹمنٹ میں چائلڈ پروٹیکشن آفیسر سمیت مختلف محکموں کی آسامیوں کے لیے دو روزہ تحریری امتحانات پنجاب کی 7 ڈویژنز میں کامیابی سے مکمل ہوگئے۔ امتحانات میں پنجاب بھر سے 25 ہزار سے زائد امیدواروں نے شرکت کی جبکہ امتحانی مراکز پر امیدواروں کو سہولیات کی فراہمی اور امتحانات کے شفاف انعقاد کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے۔چیئرمین …

فیصل آباد۔ 18 اکتوبر (اے پی پی):پنجاب پبلک سروس کمیشن (پی پی ایس سی) کے زیرِ انتظام ہوم ڈیپارٹمنٹ میں چائلڈ پروٹیکشن آفیسر سمیت مختلف محکموں کی آسامیوں کے لیے دو روزہ تحریری امتحانات پنجاب کی 7 ڈویژنز میں کامیابی سے مکمل ہوگئے۔ امتحانات میں پنجاب بھر سے 25 ہزار سے زائد امیدواروں نے شرکت کی جبکہ امتحانی مراکز پر امیدواروں کو سہولیات کی فراہمی اور امتحانات کے شفاف انعقاد کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے۔چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد عبدالعزیز کی ہدایات پر صوبہ بھر میں قائم امتحانی مراکز کی خصوصی مانیٹرنگ کی گئی۔

اس سلسلے میں سیکریٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن افضال احمد نے فیصل آباد میں قائم تمام امتحانی مراکز کا تفصیلی دورہ کیا اور امتحانات کے انعقاد کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ممبر پنجاب پبلک سروس کمیشن خالد سلیم نے بھی فیصل آباد کے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے امتحانی عمل، سکیورٹی انتظامات، امیدواروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور امتحانی نظم و ضبط کا تفصیلی جائزہ لیا۔پی پی ایس سی حکام کے مطابق امتحانی مراکز میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے۔

امتحانی مراکز میں موبائل فون سگنل جیمرز کی کارکردگی بھی چیک کی گئی جبکہ امتحان کے مقررہ وقت کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے تاخیر سے آنے والے امیدواروں کو امتحان میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ امیدواروں کے لیے پینے کے پانی کی سہولت بھی یقینی بنائی گئی تاکہ امیدوار پرسکون ماحول میں اپنا امتحان دے سکیں۔ پی پی ایس سی حکام کی جانب سے امتحانی مراکز میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ امیدواروں کو ممکنہ حد تک بہتر سہولیات فراہم کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔

اس موقع پر ریجنل انچارج ڈائریکٹر فاروق حیدر اور ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عاصم شیخ نے ممبر پنجاب پبلک سروس کمیشن خالد سلیم کو امتحانات کے انعقاد اور انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے امتحانی مراکز میں کیے گئے انتظامات، امیدواروں کی حاضری، سکیورٹی اور دیگر ضروری امور سے آگاہ کیا۔پی پی ایس سی حکام کا کہنا تھا کہ امیدواروں کی بڑی تعداد کے باوجود امتحانات کا عمل منظم انداز میں مکمل کیا گیا اور تمام امتحانی مراکز میں ضروری انتظامات کو یقینی بنایا گیا۔ پنجاب پبلک سروس کمیشن کی جانب سے امتحانات کے شفاف، منظم اور کامیاب انعقاد کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے، جبکہ امتحانی عمل کی خصوصی نگرانی کے ذریعے میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔