چک30 میں گیس و ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح، بلاتفریق عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھیں گے،رانا ثنااللہ خان

فیصل آباد۔ 04 جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیربرائے سیاسی و عوامی امور اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ حلقے میں ترقیاتی منصوبے بلا تفریق جاری رہیں گے اور کسی سے سیاسی انتقام نہیں لیا جائے گا، گیس کی فراہمی کے لیے ووٹ دینے یا نہ دینے کی کوئی شرط نہیں، سب لوگ گیس کنکشن کیلئے درخواست دے …

فیصل آباد۔ 04 جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیربرائے سیاسی و عوامی امور اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ حلقے میں ترقیاتی منصوبے بلا تفریق جاری رہیں گے اور کسی سے سیاسی انتقام نہیں لیا جائے گا، گیس کی فراہمی کے لیے ووٹ دینے یا نہ دینے کی کوئی شرط نہیں، سب لوگ گیس کنکشن کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ اعلان چک نمبر 30 ج ب میں گیس سمیت متعدد ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج گیس کی فراہمی کا افتتاح ہو رہا ہے اورپاکستان مسلم لیگ ن کو ووٹ دینے والے یا نہ دینے والے حلقے کے تمام شہری درخواستیں جمع کروائیں کیونکہ خدمت کا معیار ووٹ سے مشروط نہیں ہوتا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کے پورے حلقے میں کوئی آبادی یا گاؤں ایسا نہیں ہوگا جہاں سوئی گیس کی سہولت میسر نہ ہو۔انہوں نے بتایا کہ حلقے میں 29 کلو میٹر طویل سڑک کی منظوری دی جا چکی ہے جس پر ایک ارب روپے لاگت آئے گی اور سڑکوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام اور ٹھیکیداروں کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بیسک ہیلتھ یونٹس (بی ایچ یوز) اوررورل ہیلتھ سینٹرز (آر ایچ سیز) کے کنٹریکٹس ہو چکے ہیں اور آئندہ چھ ماہ کے دوران سڑکوں کے ساتھ ساتھ ان صحت مراکز کا بھی افتتاح کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پورے حلقے میں اس وقت ایک ہی بڑا ہسپتال ہے جس کی اپ گریڈیشن جاری ہے جبکہ سدھار بائی پاس کے قریب دس ایکڑ اراضی تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے قیام کے لیے محکمہ صحت کے نام الاٹ کر دی گئی ہے جس سے علاقے میں صحت کی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔

سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ قومی اسمبلی میں نہ پہنچ سکے، مگر اللہ تعالیٰ نے انہیں اس سے بھی بڑی ذمہ داری سینیٹ میں دے دی۔ انہوں نے کہا کہ شہر والے حلقے سے چھٹی بار انتخابی فتح حاصل ہوئی جو عوام کے اعتماد کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد نواز شریف نے سیاست میں خدمت کا رواج ڈالا جو اس سے قبل موجود نہیں تھا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ترقیاتی منصوبوں سے صوبے میں کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈکیتوں اور مجرموں کے لیے ریاست کے پاس کوئی نرمی نہیں ،ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، حکومت قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ سماجی مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے آئس کے نشے کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نشہ انسان سے ہوش و حواس چھین لیتا ہے اور اس کیفیت میں لوگ بے خوف ہو کر جرائم کا ارتکاب کرتے ہیں جس کے سدباب کے لیے ریاستی سطح پر سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں دیہی علاقوں میں صفائی کے نظام کا تصور بھی نہیں تھا مگر اب جس طرح شہروں کی سڑکیں صاف نظر آتی ہیں اسی طرح دیہات بھی صاف ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کے لیے بے شمار تعلیمی وظائف اور آسان قرضے موجود ہیں جن کے لیے آن لائن درخواست دی جا سکتی ہے۔سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چار سال میں ایک بھی قابل ذکر ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا جبکہ ان کا واحد ایجنڈا سوشل میڈیا پر گالی گلوچ اور نفرت پھیلانا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف ایسا مقدمہ بنایا گیا جس کی سزا سزائے موت تھی اور وہ چھ سے سات ماہ جیل میں رہے مگر انہوں نے صبر اور قانون پر یقین رکھا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مکافات عمل ایک حقیقت ہے اور جو نفرت کا بیج بوتا ہے اسے اس کے ثمرات بھی بھگتنا پڑتے ہیں، اس لیے سزا پانیوالوں کو ڈھنڈورا پیٹنے کے بجائے اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا جھوٹے مقدمات بنانا نہیں بلکہ عوام کی بلا تفریق خدمت ہے۔

خارجہ اور قومی امور پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے بھارت نہ جانے کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں سکیورٹی خدشات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مخالفین ہمیشہ نشان عبرت بنے ہیں اور آئندہ بھی بنیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دی مگر وہ سٹریٹ موومنٹ کی طرف جا رہے ہیں جو ناکامی سے دوچار ہوگی اور ممکن ہے اس کے بعد مذاکرات کا آپشن بھی باقی نہ رہے۔معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ٹیکسٹائل اور کاروبار بند ہونے کا تاثر محض پراپیگنڈا ہے، کاروبار چل رہے ہیں اور ٹیکسٹائل ملز بھی بہتر انداز میں کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کا بنیادی منشور خدمت کی سیاست ہے جس کی بنیاد نواز شریف نے چالیس سال قبل رکھی اور فیصل آباد میں چلڈرن ہسپتال، یونیورسٹیز اور دیگر منصوبے اسی سوچ کا عملی ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں ہار جیت سے قطع نظر عوامی خدمت جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ محاذ آرائی نہیں بلکہ بات چیت اور قانون کے دائرے میں رہ کر مسائل کا حل مسلم لیگ (ن) کی سیاست ہے اور خدمت کا معیار اتنا بلند ہونا چاہیے کہ عوام خود کارکردگی دیکھ کر ووٹ دیں۔

 

مزید خبریں