چھٹا انٹرنیشنل سٹوڈنٹس کنونشن اینڈ ایکسپو 2026 اسلام آباد کا تیسرا روز
چھٹا انٹرنیشنل سٹوڈنٹس کنونشن اینڈ ایکسپو 2026 اسلام آباد کا تیسرا روز

مزید خبریں
اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):چھٹا انٹرنیشنل سٹوڈنٹس کنونشن اینڈ ایکسپو 2026 (آئی ایس سی ای) اسلام آباد تیسرے روز بھی جاری رہا، اس میگا ایونٹ میں ملک بھر اور بیرونِ ملک سے طلبہ، ماہرین تعلیم اور صنعتی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ ایونٹ کے دوران طلبہ کے مابین مختلف مقابلے، ورکشاپس، انڈور گیمز اور ایک وسیع صنعتی نمائش کا انعقاد کیا گیا جس نے شرکاء کو سیکھنے، روابط بڑھانے اور جدت کے مواقع فراہم کئے۔ تعلیمی و صنعتی نمائش کی تقریب فاسٹ یونیورسٹی اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں علمی و صنعتی حلقوں کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
دیگر معزز شرکاء میں مختلف سرکاری و نجی جامعات کے وائس چانسلرز، بشمول پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم، سابق چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن جاوید لغاری اور پروفیسر ڈاکٹر آفتاب احمد معروف ریکٹر فاسٹ یونیورسٹی سمیت اعلیٰ حکام، ماہرین تعلیم، صنعتکار اور کاروباری شخصیات شامل تھیں۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے ایجوکیشنل اور انڈسڑیل ایکسپو کا افتتاح کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے محمد مرتضیٰ نور بانی انٹرنیشنل سٹوڈنٹس کنونشن کو کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں سیکھنے، ثقافتی تبادلے اور تعلیمی و صنعتی شعبوں میں نئے مواقع تلاش کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ ایونٹ کے دوران ایک پینل ڈسکشن بھی منعقد ہوئی جس میں نامور ماہرین تعلیم اور صنعتکاروں نے پاکستان کو اعلیٰ تعلیم کے بین الاقوامی مرکز کے طور پر اجاگر کرنے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ایکسپو میں فوڈ سٹالز، طلبہ کے جدید پراجیکٹس اور اختراعی آئیڈیاز بھی پیش کئے گئے جو نوجوانوں کی صلاحیتوں اور تخلیقی سوچ کا عملی مظہر تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد مرتضیٰ نور نے قومی ترقی اور جدت کے فروغ کے لئے اکیڈمیا اور صنعت کے درمیان مضبوط روابط اور اشتراک کی اہمیت پر زور دیا۔







