چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر غم کا اظہار

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایوانِ بالا میں پارلیمانی لیڈر، معروف دانشور، سینئر صحافی اور ممتاز قانون ساز سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ منگل کو سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے اپنے تعزیتی پیغام میں مرحوم سینیٹر عرفان صدیقی کی قومی خدمات، علمی و ادبی صلاحیتوں اور …

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایوانِ بالا میں پارلیمانی لیڈر، معروف دانشور، سینئر صحافی اور ممتاز قانون ساز سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

منگل کو سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے اپنے تعزیتی پیغام میں مرحوم سینیٹر عرفان صدیقی کی قومی خدمات، علمی و ادبی صلاحیتوں اور پارلیمانی کردار کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عرفان صدیقی ایک سنجیدہ، باوقار اور اصول پسند پارلیمنٹیرین تھے جنہوں نے ہمیشہ قومی مفاد، جمہوریت کے استحکام اور عوامی بہبود کے لیے اپنی آواز بلند رکھی۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم نہ صرف ایک دانشور اور کہنہ مشق قلم کار تھے بلکہ ایوانِ بالا میں اپنی متوازن رائے، شائستہ لہجے اور قومی معاملات پر گہری بصیرت کے باعث تمام اراکین کے درمیان احترام و اعتماد کی علامت بنے رہے۔چیئرمین سینیٹ کے مطابق، سینیٹر عرفان صدیقی نے مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر کی حیثیت سے ہمیشہ ایک بردبار، غیرجانبدار اور اصولی کردار ادا کیا، جو پارلیمانی روایات کے لیے مشعلِ راہ رہے گا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عرفان صدیقی مرحوم کی ادبی، تعلیمی اور سماجی خدمات ملک کے فکری و علمی سرمائے کا حصہ ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کی شخصیت میں وقار، علم اور انکساری کا امتزاج تھا، جس نے انہیں اہلِ قلم اور ایوان دونوں میں ممتاز مقام عطا کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سینیٹر عرفان صدیقی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے پسماندگان کو یہ صدمہ صبر و حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق دے۔