چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی بیساکھی کے پرمسرت موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والی سکھ برادری کو مبارکباد

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی بیساکھی کے پرمسرت موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والی سکھ برادری کو مبارکباد

اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بیساکھی کے پرمسرت موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والی ہندو اور سکھ برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں اپنے تہنیتی پیغام میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بیساکھی خوشی، امید اور بھائی چارے کی علامت ہے، جو ہمیں باہمی احترام، رواداری اور ہم آہنگی کا درس دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک کثیر الثقافتی اور کثیر المذاہب معاشرہ ہے جہاں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنے عقائد کے مطابق زندگی گزارنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر قانون سازی کی ہےجس کے تحت عبادت گاہوں کے تحفظ، مذہبی آزادی کے فروغ اور اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان اور ریاستی ادارے اس عزم پر کاربند ہیں کہ اقلیتوں کو مکمل تحفظ اور برابری کے حقوق فراہم کیے جائیں گے۔چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کو مزید فروغ دیا جائے گا اور تمام شہریوں کے درمیان اتحاد و یگانگت کو مضبوط بنایا جائے گا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے دعا کی کہ بیساکھی کی یہ خوشیاں ملک میں امن، استحکام اور خوشحالی کا پیش خیمہ ثابت ہوں اور تمام اقلیتوں کے لیے مسرت و اطمینان کا باعث بنیں۔