چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نےدیوالی کے تہوار کے موقع پر ہندو اراکینِ پارلیمنٹ اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں آباد ہندو برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ہفتہ کوسینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری اپنے تہنیتی پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دیوالی روشنی، امید، خوشی اور نیکی کی علامت ہے، جو محبت، امن اور مثبت اقدار کا پیغام دیتی ہے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی ہندو اراکینِ پارلیمنٹ اور ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نےدیوالی کے تہوار کے موقع پر ہندو اراکینِ پارلیمنٹ اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں آباد ہندو برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ہفتہ کوسینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری اپنے تہنیتی پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دیوالی روشنی، امید، خوشی اور نیکی کی علامت ہے، جو محبت، امن اور مثبت اقدار کا پیغام دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف مذاہب، ثقافتوں اور تہذیبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کا مشترکہ وطن ہے، جہاں مذہبی رواداری، باہمی احترام اور ہم آہنگی ہماری قومی شناخت کا اہم حصہ ہیں۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آئینِ پاکستان تمام شہریوں کو بلا امتیاز مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور اپنے عقائد کے مطابق زندگی گزارنے کی مکمل ضمانت فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو اپنی عبادات،مذہبی رسومات اور روایات پر عمل کرنے کی آزادی حاصل ہے اور انہیں قومی زندگی کے تمام شعبوں میں مساوی مواقع اور نمائندگی فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان کے آئینی ڈھانچے اور قومی اقدار کا بنیادی حصہ ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی اور جمہوری عمل میں ہندو اراکینِ پارلیمنٹ کی شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی نمائندگی اور قانون سازی میں فعال کردار ملک کے جمہوری اداروں کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ہے۔ انہوں نے ہندو برادری کی تعلیم، صحت، تجارت، معیشت اور سماجی خدمات سمیت مختلف شعبوں میں گراں قدر خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ قومی ترقی و خوشحالی میں ان کی شراکت قابلِ تحسین ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے تمام شہریوں کا باہمی تعاون اور یکجہتی ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دیوالی کا تہوار معاشرے میں محبت، برداشت، بھائی چارے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو مزید فروغ دینے کا ذریعہ بنے گا۔سید یوسف رضا گیلانی نے دعا کی کہ دیوالی ہندو برادری کے لیے خوشیوں، امن اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے اور پاکستان میں بسنے والے تمام شہری باہمی احترام اور قومی یکجہتی کے جذبے کے ساتھ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔








