پاکستان ٹورازم، سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول 2026 پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں جاری ہے جہاں سیاحتی مقامات، ثقافتی مظاہروں، ایڈونچر سرگرمیوں، علاقائی کھانوں اور خاندانی تفریح کے مختلف پروگرامز نے شرکاء کی توجہ حاصل کر لی ہے۔تین روزہ فیسٹیول وزارت بین الصوبائی رابطہ کی قیادت میں منعقد کیا جا رہا ہے جبکہ پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) اس کا مرکزی انتظامی ادارہ ہے۔
پاکستان ٹورازم،سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول میں موسیقی، ثقافتی رنگوں اور ایڈونچر سرگرمیوں نے سماں باندھ دیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):پاکستان ٹورازم، سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول 2026 پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں جاری ہے جہاں سیاحتی مقامات، ثقافتی مظاہروں، ایڈونچر سرگرمیوں، علاقائی کھانوں اور خاندانی تفریح کے مختلف پروگرامز نے شرکاء کی توجہ حاصل کر لی ہے۔تین روزہ فیسٹیول وزارت بین الصوبائی رابطہ کی قیادت میں منعقد کیا جا رہا ہے جبکہ پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) اس کا مرکزی انتظامی ادارہ ہے۔ فیسٹیول میں سیاحت کے شعبے سے وابستہ افراد، صوبائی نمائندوں، سفارتی برادری، نجی شعبے کی تنظیموں، خاندانوں اور نوجوانوں کو پاکستان کی متنوع سیاحتی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔
فیسٹیول میں ایڈونچر ٹورازم خصوصی توجہ کا مرکز ہے جہاں پیراگلائیڈنگ، پیرا موٹر فلائنگ، ہاٹ ایئر بیلون رائیڈز اور گھڑ سواری سمیت مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہیوی بائیکس اور گاڑیوں کی نمائش بھی شرکاء کی دلچسپی کا باعث بن رہی ہے۔ملک کےمختلف صوبوں اور خطوں کی نمائندگی کرنے والے سیاحتی اور ثقافتی اسٹالز پر علاقائی روایات، طرز زندگی، تاریخی ورثے،سیاحتی مقامات اور روایتی کھانوں کو پیش کیا جا رہا ہے۔سفارتی برادری کے ارکان کی جانب سے قائم کیے گئے اسٹالز پر شریک ممالک کے ثقافتی ورثے،سیاحتی مقامات اور روایتی کھانوں کو اجاگر کیا گیا ہے، جس کا مقصد ثقافتی سفارت کاری اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینا ہے۔

ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والی خواتین دستکار اور ہنرمند بھی اپنے روایتی دستکاری کے نمونے اور ثقافتی مصنوعات نمائش کے لیے پیش کر رہی ہیں جبکہ فوڈ اسٹالز اور معروف برانڈز کے ذریعے شرکاء کو مختلف کھانوں اور خریداری کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔فیسٹیول میں میڈیکل ٹورازم زون بھی قائم کیا گیا ہےجہاں نجی ہسپتالوں، طبی اداروں، تشخیصی لیبارٹریوں اور طبی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو اپنی سہولیات اورخصوصی خدمات متعارف کرانے کا پلیٹ فارم فراہم کیا گیا ہے۔ اس زون کے ذریعے صحت اور طبی سیاحت کے شعبے میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔فیسٹیول کے موسیقی اور ثقافتی پروگرام میں معروف فنکاروں اور روایتی پرفارمرز نے بھی شرکت کی، جن میں نمرہ مہرہ، ڈی آر جی، اعجاز حسین اور بشریٰ مروئی شامل ہیں۔ ڈھول پرفارمر محمد زمان شیخ اور دتو لعل بھی اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں جبکہ پنجاب جھومر ڈانس گروپ اور ملتان گھٹا گھوڑا کے فنکار ملک کی لوک روایات اور علاقائی ثقافتی ورثے کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
فیسٹیول میں بچوں کے لیے خصوصی کھیل اور تفریحی سرگرمیوں کے علاقے بھی مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ثقافتی پرفارمنسز، علاقائی موسیقی، کھیلوں کے مقابلوں اور ایڈونچر سرگرمیوں کے ذریعے ہر عمر کے افراد کی دلچسپی کا اہتمام کیا گیا ہے۔فیسٹیول کے افتتاحی روز وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال اور وزیراعظم کے معاون برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر احسن اقبال نے پاکستان میں سیاحت کے وسیع امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے اس شعبے کے فروغ کے لیے مؤثر حکمت عملی اور صوبوں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سیاحت کی ترقی اور پاکستان کو عالمی سطح پر ایک متحد سیاحتی منزل کے طور پر متعارف کرانے کے لیے پرعزم ہے۔سردار یاسر الیاس خان نے سیاحت کے فروغ، ثقافتی سفارت کاری اور علاقائی رابطوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے فیسٹیول کو پاکستان کے ثقافتی ورثے، قدرتی حسن اور سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنے کا مؤثر پلیٹ فارم قرار دیا۔ انہوں نے بین الاقوامی سیاحت، تجارتی تعلقات اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
فیسٹیول کا انعقاد اس کے پہلے ایڈیشن کی کامیابی کو آگے بڑھانے کے لیے کیا گیا ہےجس کا مقصد پاکستان کے سیاحتی تشخص کو مضبوط بنانا، ملکی سیاحت کی حوصلہ افزائی، قومی یکجہتی کو فروغ دینا اور سیاحت سے وابستہ کاروباری اداروں، مقامی دستکاروں اور نجی شعبے کے لیے مواقع پیدا کرنا ہے۔تین روزہ پاکستان ٹورازم، سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول 8 نومبر کو اختتام پذیر ہوگا، آخری روز بھی موسیقی کے پروگرامز، کنسرٹس، فلائنگ لالٹینز، آتش بازی اورکھیلوں کے مقابلوں سمیت مختلف تفریحی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔







