سپورٹس بورڈ پنجاب ٹینس اکیڈمی نشتر پارک لاہور میں منعقدہ 10ویں شہریارملک میموریل پاکستان اوپن ٹینس چیمپیئن شپ 2026 میں قومی کھلاڑی محمد شعیب نے مردوں کے سنگلز مقابلے میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے چیمپیئن کا تاج اپنے سر سجا لیا۔ہفتے کو کھیلے گئے فائنل میں ٹاپ سیڈ محمد شعیب نے سخت اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد برکت اللہ کو 6-0، 4-6 اور 6-3 سے شکست دے کر …
10ویں شہریارمیموریل پاکستان اوپن ٹینس چیمپیئن شپ،محمد شعیب مینز سنگلز چیمپیئن بن گئے

مزید خبریں
لاہور۔7نومبر (اے پی پی):سپورٹس بورڈ پنجاب ٹینس اکیڈمی نشتر پارک لاہور میں منعقدہ 10ویں شہریارملک میموریل پاکستان اوپن ٹینس چیمپیئن شپ 2026 میں قومی کھلاڑی محمد شعیب نے مردوں کے سنگلز مقابلے میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے چیمپیئن کا تاج اپنے سر سجا لیا۔ہفتے کو کھیلے گئے فائنل میں ٹاپ سیڈ محمد شعیب نے سخت اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد برکت اللہ کو 6-0، 4-6 اور 6-3 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ برکت اللہ اور یوسف خلیل نے مینز ڈبلز کا ٹائٹل جیتا۔خواتین کے سنگلز فائنل میں پاکستان کی معروف ٹینس سٹار اشنا سہیل نے مہک کوکھر کو 6-1 اور 6-4 سے شکست دے کر چیمپیئن شپ ٹرافی اٹھائی۔
اشنا نے مہک کوکھر کے ساتھ مل کر لیڈیز ڈبلز کا فائنل بھی 6-1، 6-1 سے جیت کر ڈبل ٹائٹل کا اعزاز حاصل کیا۔جونیئر کیٹیگریز میں فاطمہ گروپ کے ایم ایان نے غیر معمولی کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹرپل کران اپنے نام کیا۔ انہوں نے بوائز انڈر-12 سنگلز کے فائنل میں مصطفی عزیر رانا کو 4-1، 4-1 سے، ڈبلز فائنل میں ابراہم لغاری کے ساتھ مل کر 4-0، 1-0 (ریٹائرڈ) سے کامیابی حاصل کی، جبکہ بوائز انڈر-14 سنگلز کے فائنل میں ایم معاذ کو 4-2، 4-2 سے شکست دی۔گرلز انڈر-12 سنگلز میں ایمان شہباز نے شاہ نور عمر کو 1-4، 4-0، 4-1 سے شکست دی۔ گرلز انڈر-14 سنگلز میں خدیجہ خلیل نے ایمان شہباز کو 4-0، 4-0 سے آئوٹ کلاس کیا۔ سینئرز 45+ ڈبلز میں ہادی حسین اور ڈاکٹر صہیب کی جوڑی نے فیاض خان اور محبوب وحید کو 6-1، 6-1 سے شکست دی۔
سینئرز 55+ ڈبلزمیں عارف فیروز اور ڈاکٹر عارف نے سلیم اور شاداب کو 6-2، 6-3 سے ہرایا۔چیمپیئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی اور سابق سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن تھے۔ انہوں نے نصیر ملک و رشید ملک کے ہمراہ کامیاب اور رنر اپ کھلاڑیوں میں ٹرافیاں و انعامات تقسیم کیے۔رشید ملک نے سپانسرز اور کارپوریٹ سیکٹر کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ ایڈیشنز میں پاکستان اوپن ٹینس چیمپیئن شپ کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کو بھی اس ایونٹ کی طرف راغب کیا جا سکے۔








