اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو ان کی خدمات اور کاوشوں کو سامنے رکھتے ہوئے گلوبل مسلم بزنس فورم (جی ایم بی ایف) کا اعزازی سرپرست مقرر کیا گیا ہے۔ سینیٹ سیکریٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق یہ اعزاز انہیں اس تاریخی کامیابی کے چند ہی ماہ بعد حاصل ہوا ہے جب انہوں نے بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) کے بانی چیئرمین کی …
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی گلوبل مسلم بزنس فورم کے اعزازی سرپرست مقرر

مزید خبریں
اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو ان کی خدمات اور کاوشوں کو سامنے رکھتے ہوئے گلوبل مسلم بزنس فورم (جی ایم بی ایف) کا اعزازی سرپرست مقرر کیا گیا ہے۔ سینیٹ سیکریٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق یہ اعزاز انہیں اس تاریخی کامیابی کے چند ہی ماہ بعد حاصل ہوا ہے جب انہوں نے بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) کے بانی چیئرمین کی حیثیت سے پاکستان میں ایک ریکارڈ ساز بین الاقوامی سربراہی اجلاس کی میزبانی کی جس میں دنیا کے 45 ممالک کی پارلیمانوں کے سپیکرز اور اعلیٰ سطحی وفود نے شرکت کی۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو باضابطہ طور پر گلوبل مسلم بزنس فورم کا اعزازی سرپرست بننے کی دعوت دی گئی ہے۔
یہ فورم ایک موثر بین الاقوامی پلیٹ فارم ہے جو مسلم دنیا میں ذمہ دارانہ اقتصادی قیادت، باہمی تعاون اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔ یہ نامزدگی چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی کی بطور سینئر سیاستدان، رکن پارلیمنٹ اور آئینی حکمرانی و علاقائی تعاون کے مضبوط حامی کے طور پر بڑھتی ہوئی عالمی شناخت کی عکاسی کرتی ہے۔ پاکستان کے سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی اس وقت سینیٹ آف پاکستان کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں جہاں وہ قانون سازی کے تسلسل کی نگرانی، سیاسی ہم آہنگی کے فروغ اور ایک پیچیدہ قومی و علاقائی ماحول میں پارلیمانی اقدار کے تحفظ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔
ان کا دہائیوں پر محیط عوامی کیریئر طرز حکمرانی کے چیلنجز، معاشی ترقی اور جمہوری اداروں کے استحکام سے جڑا رہا ہے۔بین الاقوامی سطح پر بھی چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی ایک نمایاں پارلیمانی رہنما کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں۔ 2025ء میں انہیں بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) کا بانی چیئرمین مقرر کیا گیا جو دنیا بھر کے پارلیمانی قائدین کے مابین مکالمے اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے قائم کیا گیا ایک نیا عالمی فورم ہے۔ آئی ایس سی کے قیام کے محض چار ماہ کے بعد چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں پاکستان میں پہلی آئی ایس سی کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں 45 ممالک کے پارلیمانی سپیکرز اور 117 اعلیٰ سطحی مندوبین نے شرکت کی۔
اس کانفرنس نے پاکستان کو پارلیمانی سفارت کاری کے ایک موثر مرکز کے طور پر اجاگر کیا اور چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی کی ادارہ جاتی وژن کو عملی نتائج میں ڈھالنے کی صلاحیت کو نمایاں کیا۔ گلوبل مسلم بزنس فورم کا قیام سیاسی قیادت، کاروباری رہنمائوں، دانشوروں اور ان اداروں کو یکجا کرنے کے لیے عمل میں لایا گیا ہے جو ترقی، علاقائی تعاون اور مسلم معیشتوں میں طویل المدتی استحکام کے لیے پرعزم ہیں۔ دسمبر 2025ء میں کوالالمپور میں منعقدہ جی ایم بی ایف سربراہی اجلاس میں چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی کی شرکت اور خدمات کو اہم اور بامعنی شراکت کے طور پر سراہا گیا جس سے حکمرانی، سرمایہ کاری کے اعتماد اور اقتصادی تعاون سے متعلق مباحث کو نئی جہت ملی۔اپنی تقرری پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ انہیں گلوبل مسلم بزنس فورم کا اعزازی سرپرست مقرر کیے جانے پر فخر محسوس ہو رہا ہے۔
مسلم دنیا میں اقتصادی تعاون اور ذمہ دارانہ قیادت کے فروغ کے لیے جی ایم بی ایف کا مشن نہایت بروقت اور قابل تحسین ہے۔ سینیٹ کے چیئرمین کی حیثیت سے میں او آئی سی ممالک کے درمیان مضبوط روابط، باہمی تجارت کے فروغ اور ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی کا خواہاں ہوں۔ جی ایم بی ایف جیسے اقدامات جدت کو فروغ دے سکتے ہیں، نئے مواقع پیدا کر سکتے ہیں اور غربت کے خاتمے اور موسمیاتی تبدیلی جیسے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ فورم کے اقدامات کی بھرپور حمایت کریں گے اور مستقبل میں اس کے پلیٹ فارم پر فعال کردار ادا کرتے رہیں گے تاکہ ایک خوشحال، مستحکم اور باہم مربوط مسلم دنیا کی تشکیل میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔
چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی کی بطور اعزازی سرپرست ان کے بڑھتے ہوئے بین الاقوامی اثر و رسوخ کی علامت ہے جو عالمی پارلیمانی اور اقتصادی مکالمے میں پاکستان کے کردار کو مزید مضبوط بناتی ہے۔ یہ تقرری اس حقیقت کی بھی عکاس ہے کہ مسلم دنیا میں موثر اور پائیدار اقتصادی تعاون کے لیے ایسی قیادت انتہائی ضروری ہے جو اپنے تجربے، ادارہ جاتی فہم اور ترقی کے پائیدار وژن سے لیس ہو۔








