چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال کے گائنی وارڈ میں آتشزدگی کے المناک واقعہ کے نتیجے میں 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے
چیئرمین سینیٹ کا پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے واقعے پر اظہارِ افسوس

مزید خبریں
اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال کے گائنی وارڈ میں آتشزدگی کے المناک واقعہ کے نتیجے میں 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے بدھ کو جاری تعزیتی بیان میں چیئرمین سینیٹ نے جاں بحق ہونے والے نومولود بچوں کے والدین اور لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس المناک واقعے پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ سید یوسف رضا گیلانی نے لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہسپتالوں میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات، فائر سیفٹی نظام اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے حفاظتی تدابیر میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ناقابلِ قبول ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور آئندہ ایسے سانحات کی روک تھام کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔







