چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے ملائیشیا کے وزیر داخلہ کی وفد کے ہمراہ ملاقات ، پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان پارلیمانی، سیاسی، اقتصادی، تعلیمی اور دفاعی روابط مزید بڑھانے پر اتفاق

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے ملائیشیا کے وزیر داخلہ کی وفد کے ہمراہ ملاقات ، پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان پارلیمانی، سیاسی، اقتصادی، تعلیمی اور دفاعی روابط مزید بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملائیشیا کے وزیر داخلہ داتوک سری سیف الدین نصر بن اسماعیل نے وفد کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان پارلیمانی، سیاسی، اقتصادی، تعلیمی اور دفاعی روابط مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے ملائیشیا کے وزیر داخلہ کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات تاریخی، برادرانہ اور مشترکہ مذہبی و ثقافتی اقدار پر استوار ہیں جبکہ اعلیٰ سطحی دوروں کے تبادلے سے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی تقویت ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے معزز بادشاہ اور ملکہ کی پاکستان آمد کا منتظر ہے اور ملائیشیا کے وزیر خارجہ کے جلد دورہ پاکستان کا بھی خواہاں ہے۔ انہوں نے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آئندہ اجلاس کے جلد انعقاد کی امید ظاہر کرتے ہوئے قیدیوں کی بین الاقوامی منتقلی کے معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے بہترین سیاسی تعلقات کو مضبوط تجارتی و اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا ہوگا، ملائیشین سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھائیں جبکہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے مؤثر ون ونڈو پلیٹ فارم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ملائیشین کاروباری اداروں کے لئے افغانستان، وسطی ایشیا اور مغربی چین تک رسائی کا دروازہ بن سکتا ہے، پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سیمی کنڈکٹر کے شعبے میں تعاون کے بھی وسیع امکانات موجود ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور نوجوان ملک کا بہترین اثاثہ ہیں، پاکستان ملائیشیا کی افرادی قوت کی ضروریات پوری کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔انہوں نے پاک ملائیشیا دفاعی تعاون میں مسلسل پیشرفت کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دفاعی پیداوار کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور ملائیشیا کی ضروریات کے مطابق دفاعی سازوسامان فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔اس موقع پر ملائیشیا کے وزیر داخلہ داتوک سری سیف الدین نصر بن اسماعیل نے کہا کہ ملائیشیا پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی، سیاسی، اقتصادی، تعلیمی اور دفاعی روابط کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔