چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی رسجا کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے راولپنڈی اسلام آباد اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کے انتخابات میں بلا مقابلہ منتخب ہونے والے تمام نومنتخب عہدیداروں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے راولپنڈی اسلام آباد اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کے انتخابات میں بلا مقابلہ منتخب ہونے والے تمام نومنتخب عہدیداروں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے مسلسل دوسری مرتبہ صدر منتخب ہونے والے ابوبکر بن طلعت، جنرل سیکرٹری منتخب ہونے والی عمبرین علی، فنانس سیکرٹری ناصر عباس نقوی سمیت تمام منتخب عہدیداروں اور گورننگ باڈی کے ارکان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ نئی قیادت پیشہ ورانہ صحافت، شفافیت، اتحاد اور صحافتی اقدار کے فروغ کے لیے موثر کردار ادا کرے گی۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سپورٹس جرنلزم کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی اور قومی سطح پر صحت مند معاشرتی رجحانات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ دار اور پیشہ ورانہ اسپورٹس صحافت نہ صرف کھیلوں کی ترقی بلکہ قومی یکجہتی اور مثبت تشخص کو بھی مستحکم کرتی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے امید ظاہر کی کہ رسجا کی نئی منتخب قیادت سپورٹس جرنلسٹس کے حقوق کے تحفظ، ان کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے اور صحافتی اخلاقیات کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے گی اور ادارے کو مزید فعال، مضبوط اور باوقار بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔