چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف اور بنگلہ دیش کے سفیر محمد اقبال حسین کے درمیان سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات
چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف اور بنگلہ دیش کے سفیر محمد اقبال حسین کے درمیان سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف اور بنگلہ دیش کے سفیر محمد اقبال حسین کے درمیان سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات ہوئی۔ملاقات میں فریقین کے مابین باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر نے اسلام آباد کی خوبصورتی اور اور سرسبز و شادابی کو سراہا،ملاقات میں اسلام آباد اور ڈھاکہ کو سسٹر سٹیز کا درجہ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ہفتہ کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے کہا کہ دارالحکومت اسلام آباد کو دنیا کےخوبصورت ترین دارالخلافہ میں شمار کیا جاتا ہے، ڈپلومیٹک انکلیو میں بنگلہ دیش ہائی کمیشن کمپلیکس کی تعمیر میں سی ڈی اے کی جانب سے فراہم کردہ بھرپور تعاون پر شکر گزار ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش ہائی کمیشن کمپلیکس کی تعمیر اپنے حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہے،پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان عوامی سطح پر تعلقات، تجارت اور کئی شعبوں میں معاہدات طے پا رہے ہیں، بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے کہا کہ دارالخلافہ اسلام آباد اور ڈھاکہ کے مابین سسٹر سٹی تعلقات قائم کرنا کرنے کے لئے مفاہمتی یادداشت پر جلد اعلیٰ سطح پر دستخط ہو گئے۔اس حوالے سے مسودہ تیار کرکے متعلقہ حکام کو منظوری کے لئے بھیج دیا گیا ہے،بنگلہ دیش اور پاکستان کے تعلقات ہر آنے والے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حال میں بنگلہ دیش کےسول سروس کے افسران کی تربیت کے لئے پاکستان نے میزبانی کی،اپنےتربیتی پروگرام کے دوران سول افسران نے مختلف شہروں کے دورہ میں اعلیٰ سرکاری عہدیداران سے ملاقاتیں کیں۔اس موقع پرچیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک بنگلہ دیش کیساتھ تعلقات کو انتہائی قدر اور عزت کی نگاہ سے دیکھتا ہے، سی ڈی اے بنگلہ دیش کمپلیکس منصوبہ سمیت ڈپلومیٹک انکلیو میں دیگر تعمیراتی کاموں کیلئے ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو کی اپگریڈیشن سمیت دیگر بیوٹیفکیشن کے کاموں کو ترجیح بنیادوں پر آغاز کر رہے ہیں، جسکے تحت ڈپلومیٹک انکلیو میں کھیلوں کی سہولیات میں اضافہ سمیت کلب ہاؤس جیسے منصوبے شامل ہو گئے،ان اقدامات سے دونوں ممالک کے مابین ثقافتی، تعلیمی اور شہری سطح پر تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ملاقات کے اختتام پر باہمی تعاون اور شہری سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔








