چیئرمین سی ڈی اے کی فرانسیسی ترقیاتی ادارے کے وفد سے ملاقات، پانی کے منصوبوں پر تبادلہ خیال

چیئرمین سی ڈی اے کی فرانسیسی ترقیاتی ادارے کے وفد سے ملاقات، پانی کے منصوبوں پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کی فرانسیسی ادارہ برائے ترقی اے ایف ڈی کے کنٹری ڈائریکٹر مارک انتونی اور وفد سے ملاقات کی۔ملاقات میں سی ڈی اے کے ممبر پلاننگ و ڈیزائن، ڈی جی اسلام آباد واٹر اور متعلقہ سنیئر افسران بھی موجود تھے۔

ہفتہ کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں اے ایف ڈی کے وفد کے ساتھ پانی کے شعبے میں اصلاحات اور بہتری کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس ملاقات کا بنیادی مقصد اسلام آباد میں پانی کی بہتری کیلئے منصوبوں میں تکنیکی معاونت کی راہیں تلاش کرنا تھا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد کےشہریوں کو صاف اور محفوظ پانی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے جدید اور پائیدار حل اپنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، ان اقدامات میں پانی کے ضیاع کو روکنے، لائن لاسز کو ختم کرنے اور پانی کے استعمال اور بچت کیلئے متعدد اقدامات شامل ہیں۔ملاقات میں سملی واٹر فلٹریشن پلانٹ کی اپ گریڈیشن اور بحالی کے منصوبے کو زیر غور لایا گیا۔

اسلام آباد میں پانی کی کمی اور بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے سملی ڈیم سے مین کنڈکشن پائپ لائن پر کام کیا جائیگا۔ملاقات میں سملی ڈیم میں پانی کو ذخیرہ کرنے کی گنجائش میں توسیع کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس سلسلہ میں اے ایف ڈی مکمل طور پر تکنیکی معاونت فراہم کرنے پر غور کرے گا۔ملاقات میں شاہدرہ اور دوتارہ ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے منصوبوں میں ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ان اقدامات کی تکمیل سے اسلام آباد شہر میں پانی کی بلا تعطل فراہمی اور ضروریات کو پورا کیا جاسکے گا۔ وفد اے ایف ڈی نے کہا کہ دارالحکومت اسلام آباد میں اے ایف ڈی صاف پانی کی فراہمی اور پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے تکنیکی تعاون فراہم کرنے کیلئے کام کر رہا ہے، اس سلسلے میں ایک جامع فزیبلٹی سٹڈی کے تحت اسلام آباد میں پانی کے مختلف منصوبوں کا تکنیکی اور مالیاتی پہلوئوں کا جائزہ لیا جائیگا۔سہیل اشرف نے کہا کہ اسلام آباد شہر میں پانی کی قلت، شہریوں کو محفوظ اور معیاری پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔