چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کا پاکستان سویٹ ہومز کا دورہ‘ بچوں کیلئے 5 لاکھ روپے عطیہ کا اعلان

اسلام آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے، تعلیم ایک روشنی ہے جو انسان کو صحیح اور غلط کا راستہ بتاتی ہے، جو قومیں تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوتی ہیں ترقی اور کامیابی ان کا مقدر ٹھہرتی ہے، چیئرمین نیب نے پاکستان سویٹ ہومز کے بچوں کیلئے 5 لاکھ …

اسلام آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے، تعلیم ایک روشنی ہے جو انسان کو صحیح اور غلط کا راستہ بتاتی ہے، جو قومیں تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوتی ہیں ترقی اور کامیابی ان کا مقدر ٹھہرتی ہے، چیئرمین نیب نے پاکستان سویٹ ہومز کے بچوں کیلئے 5 لاکھ روپے عطیہ کا اعلان کیا۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے پاکستان سویٹ ہومز کے دورہ کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محنت، دیانت اور اﷲ پر بھروسہ ہی کامیابی کی ضمانت ہے، اس کے سوا کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں، یتیم وہ ہوتا ہے جس کا کوئی نہ ہو، پوری قوم پاکستان سویٹ ہومز کے بچوں کے ساتھ کھڑی ہے، بدعنوانی کے خاتمہ کے عملی مشاہدہ کیلئے پاکستان سویٹ ہومز کے باصلاحیت بچوں کو نیب دفتر میں ایک ہفتہ کی تربیت دی جائے گی۔ چیئرمین نیب نے بچوں کی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میںسراہتے ہوئے کہا کہ یہ بچے پاکستان کا مستقبل ہیں، ان بچوں سے ملاقات یادگار اور ناقابل فراموش لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان بچوں کو پاکستان سویٹ ہومز میں تمام وسائل تحفظ اور سہولیات دستیاب ہیں جو کہ خوش آئند ہے۔