چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کا بی آئی ایس پی زونل آفس سکردو کا دورہ

چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے پیر کو بی آئی ایس پی زونل آفس سکردو کا دورہ کیا جہاں عملے نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے خواتین بینفشریز سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور یقین دلایا کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے پیر کو بی آئی ایس پی زونل آفس سکردو کا دورہ کیا جہاں عملے نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے خواتین بینفشریز سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور یقین دلایا کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

انہوں نے زونل آفس کا معائنہ کیا اور وظائف کی ادائیگی کے حوالے سے خواتین کو درپیش مشکلات کا جائزہ بھی لیا۔خواتین بینیفشریز سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ صدرِ پاکستان کی خصوصی ہدایات اور وزیراعظم کے وژن کے مطابق ادائیگیوں کے نظام کو ڈیجیٹل موبائل والٹس کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ شفافیت، سہولت اور مالی شمولیت کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اسی مقصد کے تحت مستحق خواتین کو مفت موبائل سمز فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ اپنے ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھول سکیں اور آئندہ ادائیگیاں براہِ راست وصول کر سکیں۔چیئرپرسن نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ 15 جون سے قبل اپنی مفت موبائل سم حاصل کر لیں تاکہ ادائیگی کے عمل میں کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ نئے نظام کے تحت خواتین اپنے قریبی بینک سہولتی مراکز سے آسانی کے ساتھ اپنی رقم حاصل کر سکیں گی۔

سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نام سے منسوب ہے جنہوں نے عوامی حقوق اور خواتین کی بااختیاری کے لئے عظیم قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی خواتین کو باعزت، محفوظ اور شفاف انداز میں مالی معاونت فراہم کرنے کے لئے جدید اور مؤثر نظام متعارف کرا رہا ہے۔