چیلسی کی خواتین فٹ بال ٹیم کی ویمنز چیمپئنز لیگ میں فتح، کیرا واش انجری کا شکار

چیلسی نے اپنے ویمنز چیمپئنز لیگ کے افتتاحی میچ میں آسٹریا ویانا کے خلاف سخت مقابلے کے بعد فتح حاصل کرکے فاتحانہ آغاز کر دیا، تاہم انگلینڈ کی 29 سالہ مڈفیلڈر کیرا واش کے زخمی ہونے سے فتح کا مزہ کرکرا ہو گیا۔

لندن۔24ستمبر (اے پی پی):چیلسی نے اپنے ویمنز چیمپئنز لیگ کے افتتاحی میچ میں آسٹریا ویانا کے خلاف سخت مقابلے کے بعد فتح حاصل کرکے فاتحانہ آغاز کر دیا، تاہم انگلینڈ کی 29 سالہ مڈفیلڈر کیرا واش کے زخمی ہونے سے فتح کا مزہ کرکرا ہو گیا۔

بی بی سی کے مطابق وِیک کیپٹن نے 25 گز کے فاصلے سے شاندار اسٹرائیک کے ذریعے میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول سکور کیا۔ کیرا واش میچ کے 20 ویں منٹ میں ران کی تکالیف کے باعث میدان سے باہر چلی گئیں، جس پر چیلسی کی مینیجر سونیا بمپاسٹر کا کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر یہ فیصلہ کیا گیا اور اتوار کو آرسنل کے خلاف اہم مقابلے سے قبل ان کا طبی معائنہ کیا جائے گا۔

آسٹریا ویانا نے اپنے چیمپئنز لیگ ڈیبیو پر بہترین کھیل پیش کیا اور چیلسی کو سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا۔ آسٹریاویانا کی ویرجینیا کرچبرگر، ویلنٹینا پوٹزل اور موڈیسٹا یوکا نے چند شاندار حملے کیے، تاہم چیلسی کی گول کیپر لیویا پینگ نے بہترین سیوز کر کے ٹیم کی برتری کو برقرار رکھا۔

دوسری جانب چیلسی کے لیے میلواین ملارڈ، سانڈی بالٹی مور اور شوکے نوسکن نے بھی گول کرنے کے مواقع گنوائے۔ اس فتح کے ساتھ چیلسی نے یورپی مہم کا آغاز جیت کے ساتھ کیا ہے، تاہم اب ان کی تمام تر توجہ اتوار کو آرسنل کے خلاف ہونے والے لندن ڈربی میچ پر مرکوز ہے۔