چینی کمپنی کی ریسکیو1122کوجدیدفائرفائٹنگ،ایمرجنسی ریسکیو نظام متعارف کرانے کی پیشکش

چینی کمپنی کے وفدنے سندھ ایمرجنسی ریسکیو سروسز 1122ہیڈکوارٹرز کے دورے کے دوران سندھ میں جدید فائر فائٹنگ اور ایمرجنسی ریسکیو نظام متعارف کرانے کی پیشکش کردی۔جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ پیشکش چینی کمپنی نے ریسکیو 1122 کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کے دورہ کے دوران کی۔اس موقع پر مشیر وزیراعلی سندھ برائے محکمہ بحالی گیانچند ایسرانی نے چینی کمپنی کے وفد کا خیرمقدم کیا جبکہ ڈی جی …

کراچی۔ 20 اگست (اے پی پی):چینی کمپنی کے وفدنے سندھ ایمرجنسی ریسکیو سروسز 1122ہیڈکوارٹرز کے دورے کے دوران سندھ میں جدید فائر فائٹنگ اور ایمرجنسی ریسکیو نظام متعارف کرانے کی پیشکش کردی۔جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ پیشکش چینی کمپنی نے ریسکیو 1122 کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کے دورہ کے دوران کی۔اس موقع پر مشیر وزیراعلی سندھ برائے محکمہ بحالی گیانچند ایسرانی نے چینی کمپنی کے وفد کا خیرمقدم کیا جبکہ ڈی جی ریسکیو1122 واجد صغت اللہ مہر، ڈائریکٹر آپریشنز عابد شیخ اور اعلی افسران بھی موجود تھے۔

مشیر وزیراعلی سندھ گیانچند ایسرانی کی زیر صدارت اجلاس میں سندھ میں سرمایہ کاری اور پاک چین تعائون کے تحت ریسکیو و فائر فائٹنگ سروسز کو جدید بنانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ ڈی جی ریسکیو 1122 نے چینی وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو 1122 روزانہ اوسطا 26 سے 30 ہزار ایمرجنسی کالز وصول کرتا ہے اور روزانہ تقریبا 900 طبی ہنگامی صورتحال جبکہ 30 سے 35 فائر اور واٹر ریسکیو واقعات میں کارروائی کی جاتی ہے۔ ایمبولینس 8 سے 10 منٹ جبکہ موٹر بائیک ریسپانس ٹیم 4 سے 5 منٹ میں جائے حادثہ پر پہنچنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

گزشتہ چار برسوں کے دوران ریسکیو 1122 نے 5,776 افراد کو زندہ بچایا جبکہ 1,461 جاں بحق افراد کی لاشیں بھی ریکور کیں۔ سروس کے تحت میڈیکل ایمرجنسی، فائر فائٹنگ، واٹر ریسکیو، اربن سرچ اینڈ ریسکیو، ہائی وے ریسکیو اور جینڈر ڈیسک کی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ چینی وفد نے ریسکیو کی کارکردگی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے سندھ کے لیے جدید فائر فائٹنگ آلات اور خودکار فائر ٹینڈرز فراہم کرنے کی پیشکش کی۔وفد کے مطابق جدید فائر فائٹنگ نظام انسانی مداخلت کو کم کرتے ہوئے تنگ سڑکوں میں بھی خودکار طور پر آگ بجھانے اور متاثرہ افراد کے انخلا میں بیک وقت معاونت کرسکتا ہے۔

چینی وفد نے آلات کی فراہمی کے ساتھ تین سالہ مینٹیننس سروس، ہر تین ماہ بعد تکنیکی معائنہ اور تاحیات وارنٹی کی پیشکش بھی کی۔ وفد نے مشیروزیراعلی سندھ اور ڈی جی ریسکیو 1122کو چین کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے وہاں جدید فائر فائٹنگ اور ایمرجنسی ریسکیو نظام کا مشاہدہ کرنے کی بھی پیشکش کی۔ مشیر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت ریسکیو 1122 کو جدید ٹیکنالوجی اور آلات سے لیس کرکے شہریوں کو بروقت اور موثر ایمرجنسی خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔