چین ،سدرن چائنا بک فیئر میں پاکستان نیشنل پویلین ثقافت اور ادب کا نمایاں مرکز

چین کے شہر گوانگ ژو کے چائنا امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ فیئر کمپلیکس میں منعقدہ 2026 سدرن چائنا بک فیئر میں پاکستان نیشنل پویلین کا افتتاح کر دیا گیا۔ پاکستان پویلین میں مختلف ثقافتی نمائشیں اور ادبی کتب پیش کی گئی ہیں جو چین کے بڑے اور بااثر کتاب میلوں میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی شرکت کی عکاسی کرتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے ثقافتی اور عوامی روابط کو …

بیجنگ۔2ستمبر (اے پی پی):چین کے شہر گوانگ ژو کے چائنا امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ فیئر کمپلیکس میں منعقدہ 2026 سدرن چائنا بک فیئر میں پاکستان نیشنل پویلین کا افتتاح کر دیا گیا۔ پاکستان پویلین میں مختلف ثقافتی نمائشیں اور ادبی کتب پیش کی گئی ہیں جو چین کے بڑے اور بااثر کتاب میلوں میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی شرکت کی عکاسی کرتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے ثقافتی اور عوامی روابط کو اجاگر کرتا ہے۔ سدرن چائنا بک فیئر کا آغاز پہلی مرتبہ 1993میں ہوا تھا۔ یہ ایک جامع کتب اور ثقافتی نمائش ہے، جو عوامی فلاح، رسائی، وسیع عوامی شرکت اور اعلیٰ معیار کی پیشکش کے اصولوں کے تحت منعقد کی جاتی ہے۔ رواں سال میلے کے لیے تقریباً 40 ہزار مربع میٹر رقبہ مختص کیا گیا ہے، جہاں 31 خصوصی پویلینز قائم کیے گئے ہیں۔

سی ای این کے مطابق چین اور دیگر ممالک کے 300 سے زائد اشاعتی ادارے 5 لاکھ سے زیادہ کتابوں اور ثقافتی و تخلیقی مصنوعات کے ساتھ شریک ہیں جبکہ تقریباً 30 ہزار اصل غیر ملکی زبانوں کی اشاعتیں بھی نمائش میں رکھی گئی ہیں۔ یوریشین پویلین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گوانگ ژو میں پاکستان کے قونصل جنرل سردار محمد نے کہا کہ کتابیں مختلف زبانوں، قوموں اور تہذیبوں کو جوڑنے والا ایک لازوال پل ہیں۔ پاکستانی پویلین میں چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے حوالے سے خصوصی تصویری نمائش بھی شامل ہے۔

نمائش میں پاکستان کے تین کاروباری اداروں اور ملک کے معروف اشاعتی ادارے نے شرکت کی اور متنوع ادبی و ثقافتی مواد پیش کیا۔ شرکا میں پاکستانی اشاعتی ادارہ فیروز سنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ بھی شامل ہے، جس کی تاریخ 1894 تک جاتی ہے۔ ادارے نے پاکستان کی تاریخ، فلسفے، عصری فکشن اور شاعری سمیت مختلف موضوعات پر مستند کتابیں اور ادبی تخلیقات نمائش اور تبادلے کے لیے پیش کی ہیں، فیروز سنز چینی بچوں کی مقبول کتابوں کا اردو میں فعال طور پر ترجمہ کر رہا ہے، جس کے ذریعے پاکستان کے کم عمر قارئین کو چینی ادب کے بہترین اور معیاری نمونوں سے متعارف کرایا جا رہا ہے اور ابتدائی عمر ہی سے مختلف ثقافتوں کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

افتتاحی تقریب میں ایک پاکستانی فنکار نے رباب بھی بجایا۔ رباب ایک روایتی ساز ہے جو پاکستانی موسیقی کی ثقافت میں گہری جڑیں رکھتا ہے۔ فنکار کی رباب کی دھن نے حاضرین کو مسحور کر دیا اور پویلین کی افتتاحی تقریب میں فنونِ لطیفہ اور موسیقی کا ایک خوبصورت رنگ بھر دیا۔

 

مزید خبریں