چین میں پاکستان کے سفارتخانے کا تیسرا پاکستان پروفیشنلز اینڈ اسٹوڈنٹس فورم کا انعقاد

چین میں پاکستان کے سفارتخانے نے ’’سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی ، جدت، رہنمائی اور تعاون‘‘ کے عنوان کے تحت تیسرا پاکستان پروفیشنلز اینڈ اسٹوڈنٹس فورم (پی ایس پی ایف)کا انعقاد کیا جس میں چین بھر سے پاکستانی طلبہ، محققین، ماہرینِ تعلیم اور پیشہ ور افراد نے شرکت کی۔ فورم کا مقصد اہم سائنسی و تکنیکی شعبوں میں روابط، رہنمائی اور باہمی تعاون کو فروغ دینا تھا۔

بیجنگ ۔7مئی (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفارتخانے نے ’’سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی ، جدت، رہنمائی اور تعاون‘‘ کے عنوان کے تحت تیسرا پاکستان پروفیشنلز اینڈ اسٹوڈنٹس فورم (پی ایس پی ایف)کا انعقاد کیا جس میں چین بھر سے پاکستانی طلبہ، محققین، ماہرینِ تعلیم اور پیشہ ور افراد نے شرکت کی۔ فورم کا مقصد اہم سائنسی و تکنیکی شعبوں میں روابط، رہنمائی اور باہمی تعاون کو فروغ دینا تھا۔ بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق فورم میں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی سے متعلق سات خصوصی رہنمائی گروپس قائم کیے گئے، جن میں برقی اور کنٹرول نظام، کیمیائی اور مادی علوم، مصنوعی ذہانت اور کمپیوٹر سائنس، حیاتیاتی اور زرعی علوم، سول، ماحولیاتی اور حفاظتی انجینئرنگ، ارضیاتی علوم، اور مکینیکل، خلائی و ہوابازی اور توانائی کے شعبے شامل تھے۔

شرکاء نے تعلیمی ترقی، تحقیقی تعاون، پیشہ ورانہ مواقع، اور پاکستان-چین تعاون کے ابھرتے امکانات پر تفصیلی اور باہمی گفتگو کی۔ چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے پاکستانی طلبہ اور پروفیشنلز کو چین بھر میں ایک دوسرے سے جوڑنے، کمیونٹی کے احساس، رہنمائی اور پیشہ ورانہ معاونت کے فروغ کے لیے سفارتخانے کی مسلسل کاوشوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فورم انسانی وسائل کی ترقی، جدت طرازی، اور پاکستان و چین کے درمیان مہارتوں پر مبنی شراکت داری کے فروغ کے سفارتخانے کے وسیع وژن کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے نے اس امر پر زور دیا کہ تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی کو صنعت کی بدلتی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سفارتخانہ تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے شعبے میں زراعت، برقی آلات، گھریلو مصنوعات، بیٹری اور بجلی ذخیرہ کرنے کے نظام، اور اطلاعاتی و مواصلاتی ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے سرگرم عمل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 16 مئی 2026 کو اطلاعاتی و مواصلاتی ٹیکنالوجی پر مرکوز ایک علمی اجلاس منعقد کیا جائے گا جبکہ 24 مئی 2026 کو ہانگژو میں اطلاعاتی ومواصلاتی ٹیکنالوجی کے شعبے میں کاروباری سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد ہوگا۔انہوں نے سفارتخانے کے اقدامات کے عملی نتائج کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس سے قبل منعقدہ ایک خصوصی روزگار میلے کے ذریعے پاکستانی طلبہ کو پاکستان میں کام کرنے والی چینی کمپنیوں میں ملازمت کے مواقع فراہم کیے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سفارتخانہ ایک مصنوعی ذہانت پر مبنی رابطہ پلیٹ فارم تیار کر رہا ہے، جس کا مقصد پاکستانی طلبہ کو چین کے سرکاری و نجی اداروں کے ساتھ تربیتی مواقع، روزگار اور پیشہ ورانہ تعاون کے مواقع سے جوڑنا ہے۔فورم کے دوران سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی رہنمائی گروپس کے باضابطہ آغاز کا بھی اعلان کیا گیا، جن کا مقصد سرپرستوں اور طلبہ کے درمیان مسلسل رابطے اور رہنمائی کو باقاعدہ فالو اپ نشستوں کے ذریعے برقرار رکھنا ہے۔

خلیل ہاشمی نے طلبہ اور پیشہ ور افراد کی پُرجوش شرکت کو سراہا اور رضاکارانہ طور پر اپنی مہارت اور رہنمائی فراہم کرنے والے رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر شمس طور اور ڈاکٹر مجید خان کی طرف سے رہنمائی اقدامات میں گراں قدر خدمات پر خصوصی اظہارِ تشکر کیا اور چین میں پاکستانی طلبہ اور پروفیشنلز کے لیے آئندہ بھی ایسے رابطہ جاتی پلیٹ فارمز کے انعقاد کے عزم کا اعادہ کیا۔