چین کا 416 رکنی دستہ ریو اولمپکس گیمز میں شرکت کر کے تاریخ رقم کرے گا

شنگھائی ۔ 19 جولائی (اے پی پی) چین کا 416 رکنی دستہ آئندہ ماہ برازیل میں شیڈول ریو اولمپکس گیمز میں شرکت کرے گا، یہ اولمپکس گیمز کی تاریخ میں سب سے بڑا غیرملکی دستہ ہو گا۔ چینی دستے میں شامل 256 خواتین اور 160 مرد ایتھلیٹس میگا گیمز میں 26 مختلف ایونٹس میں طلائی تمغے کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ ریو گیمز 5 سے 21 اگست تک منعقد ہوں گے۔ چین جنرل ایڈمنسٹریشن آف سپورٹس کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ ایتھلیٹس زیادہ سے زیادہ تمغے جیت کر گیمز کا ٹائٹل حاصل کر کے وطن لوٹیں۔ چینی دستے میں 14 سالہ آئی ین ہان سب سے کم عمر اور بیجنگ اولمپکس گیمز کے شوٹنگ چیمپئن 39 سالہ چن ینگ سب سے عمررسیدہ کھلاڑی ہوں گے، آئی ین ویمنز 200 میٹر فری سٹائل اور 4×200 میٹر فری سٹائل ریلے میں ملک کی نمائندگی کریں گی۔