چین کی مشہور ’’گوانگ ڈونگ مینز ہاکی ٹیم‘‘ کی پاکستان آمد ، پاکستان کی 7 مختلف ڈیپارٹمنٹل اور ڈومیسٹک ٹیموں کے خلاف میچز کھیلے گی
چین کی مشہور ’’گوانگ ڈونگ مینز ہاکی ٹیم‘‘ کی پاکستان آمد ، پاکستان کی 7 مختلف ڈیپارٹمنٹل اور ڈومیسٹک ٹیموں کے خلاف میچز کھیلے گی

مزید خبریں
اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے زیراہتمام بین الاقوامی کھیلوں کے فروغ اور پاکستان و چین کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ایک اور اہم کڑی کے تحت چین کی مشہور ’’گوانگ ڈونگ مینز ہاکی ٹیم‘‘ دورہ پاکستان پر پہنچ گئی ہے۔ پاکستان پہنچتے ہی چینی ٹیم نے اپنے دورے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے اور نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم (سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد) میں اپنی پریکٹس و ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے۔
مہمان ٹیم اپنے اس دورے کے دوران پاکستان کی 7 مختلف ڈیپارٹمنٹل اور ڈومیسٹک ٹیموں کے خلاف میچز کھیلے گی۔ دورہ پاکستان کے شیڈول کے مطابق 19 اکتوبر کو پاکستان آمد کے بعد نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم اسلام آباد میں ٹریننگ سیشن شام 3:30 سے 5:00 بجے تک منعقد ہوا۔ 20 اکتوبر کو پہلا میچ ماری انرجیز کے ساتھ ماری انرجیز ہاکی سٹیڈیم راولپنڈی میں شام 5:00 سے 6:30 بجے تک کھیلا جائے گا۔ 21 اکتوبر کو دوسرا میچ پاک آرمی کے خلاف نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم اسلام آباد میں دوپہر 3:30 سے شام 5:30 بجے کھیلا جائے گا۔
22 اکتوبر کو آرام کا دن ہوگا۔ 23 اکتوبر کو تیسرے میچ میں پاک نیوی مدمقابل ہوگی جو نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم اسلام آباد میں دوپہر 3:30 سے شام 5:30 بجے تک کھیلا جائے گا۔ 24 اکتوبر کو چینی ٹیم اسلام آباد سے لاہور روانہ ہوگی جہاں 25 اکتوبر کو چوتھا میچ کھیلا جائے گا جس میں پاک کسٹمز کی ٹیم مدمقابل ہوگی اور یہ میچ ڈی ایچ اے ہاکی سٹیڈیم لاہور میں شام 6:30 سے رات 8:30 بجے تک کھیلا جائے گا۔ 26 اکتوبر کو پانچواں میچ پاک رینجرز کے خلاف ہوگا جو سپورٹس کمپلیکس نارووال میں دوپہر 3:30 سے شام 5:30 بجے تک ہوگا۔ 27 اکتوبر کو آرام کا دن ہوگا جبکہ 28 اکتوبر کو چھٹے میچ میں چینی ٹیم کا مقابلہ پاکستان انڈر-21 سے ہوگیا، یہ میچ نیشنل ہاکی سٹیڈیم گوجرہ میں دوپہر 3:30 سے شام 5:00 بجے تک کھیلا جائے گا۔
29 اکتوبر کو ساتواں میچ پاک پولیس کے خلاف ہوگا جو ڈی ایچ اے ہاکی سٹیڈیم لاہور میں دوپہر 3:30 سے شام 5:00 بجے تک کھیلا جائے گا۔ 30 اکتوبر کو چینی ٹیم کی وطن واپس روانہ ہوگی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام کے مطابق اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں و ثقافت پر مبنی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور مقامی کھلاڑیوں کو بہترین بین الاقوامی تجربہ حاصل ہوگا۔








