بیجنگ۔20اکتوبر (اے پی پی):چین کی معیشت نے رواں سال کی تیسری سہ ماہی جولائی تا ستمبر 2025 کے دوران 4.8 فیصد کی شرح سے ترقی کی جو دوسری سہ ماہی کی 5.2 فیصد شرح سے کم ہے۔ چینی میڈیا کے مطابق سرکاری اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ دنیا کی دوسری بڑی معیشت کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں اضافہ بیجنگ کے سالانہ 5 فیصد کے ہدف …
چین کی معیشت میں سست روی، تیسری سہ ماہی میں شرح نمو 4.8 فیصد تک محدود

مزید خبریں
بیجنگ۔20اکتوبر (اے پی پی):چین کی معیشت نے رواں سال کی تیسری سہ ماہی جولائی تا ستمبر 2025 کے دوران 4.8 فیصد کی شرح سے ترقی کی جو دوسری سہ ماہی کی 5.2 فیصد شرح سے کم ہے۔ چینی میڈیا کے مطابق سرکاری اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ دنیا کی دوسری بڑی معیشت کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں اضافہ بیجنگ کے سالانہ 5 فیصد کے ہدف سے کم رہا حالانکہ حکومت نے معاشی تحریک کے متعدد اقدامات کیے ہیں،سال کے پہلے نو ماہ میں جی ڈی پی میں 5.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی کشیدگی میں جولائی تا ستمبر کے دوران کچھ کمی آئی، جب دونوں ممالک نے مئی میں 90 روزہ تجارتی معاہدہ کیا جس کی مدت بعد ازاں 10 نومبر تک بڑھا دی گئی۔یہ جی ڈی پی رپورٹ ایسے وقت میں جاری ہوئی ہے جب چین کی حکمران کمیونسٹ پارٹی اپنی 20ویں مرکزی کمیٹی کے چوتھے اجلاس میں 2030 تک کے نئے پانچ سالہ اقتصادی منصوبے پر غور کر رہی ہے۔
چینی قومی بیورو برائے شماریات کے مطابق معیشت نے "استحکام کے ساتھ ترقی کی مثبت رفتار برقرار رکھی اور روزگار و معاشی استحکام سے متعلق پالیسیوں کے مثبت اثرات نمایاں رہے۔تاہم ادارے نے خبردار کیا کہ معیشت کو اب بھی متعدد خطرات اور بیرونی غیر یقینی حالات کا سامنا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پہلے نو ماہ میں خوردہ فروخت میں 4.5 فیصد اضافہ ہوا جبکہ جائیداد کی ترقی میں سرمایہ کاری میں 13.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تاہم صنعتی پیداوار میں 6.2 فیصد اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق برآمدات کی مالیت میں 7.1 فیصد اضافہ جبکہ درآمدات میں 0.2 فیصد کمی دیکھی گئی۔واضح رہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے اپنی تازہ رپورٹ میں چین کی 2025 کے لیے شرح نمو کا تخمینہ 4.8 فیصد کی سطح پر برقرار رکھا ہے۔








