چین کی پیپلز ایسوسی ایشن فار فرینڈ شپ ود فارن کنٹریز کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے 125 ملین یوان کا عطیہ

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):چین کی پیپلز ایسوسی ایشن فار فرینڈ شپ ود فارن کنٹریز (سی پی اے ایف ایف سی ) نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداداور بحالی کے لیے 125 ملین یوان کا عطیہ دیا ہے۔ سیلاب زدگان کو عطیہ کا اعلان چین کی پیپلز ایسوسی ایشن فار فرینڈ شپ ود فارن کنٹریز کے صدر لین سونگ تیان نے ایک خصوصی تقریب کے دوران کیا جس میں چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

تقریب میں سی پی اے ایف ایف سی کے صدر نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اپنے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تباہ کن سیلاب کے تناظر میں چین کی حکومت اور عوام نے پاکستان کی امداد اور بحالی کی کوششوں میں خاطر خواہ تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو امداد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ دونوں ملکوں کے درمیان منفرد دوستی اور مضبوط تعلقات قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین جاری امداد کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں سیلاب کے بعد بحالی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کرے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے سیلاب زدگان کے لیے پاکستان کی جاری امدادی کوششوں کو تقویت دینے کے لیے پیپلز ایسوسی ایشن فار فرینڈ شپ ود فارن کنٹریز اور چین کی مقامی حکومتوں اور کاروباری اداروں کی بروقت مدد کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ہمیشہ مشکل وقت میں ساتھ کھڑے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب پاکستان کے عوام کے ساتھ چین کی یکجہتی اور ہمدردی کا ایک اور مظہر ہے۔ پاکستان کے سفیر نے چینی حکومت سے سیلاب کے بعد کے مرحلے میں پاکستان کی معاشی بحالی میں فعال کردار ادا کرنے کی بھی درخواست کی اور پاکستان کی چین کے ساتھ ترقی، موسمیاتی لچک اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں تعاون کو بڑھانے کی بھرپور خواہش کا اعادہ کیا۔

تقریب میں چین پاکستان فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے صدر سفیر شا زوکانگ اور چائنا فرینڈ شپ فائو نڈیشن فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ کے چیئرمین لی ڑیکوئی نے بھی شرکت کی۔