چین کے صوبے تیان جن کے سرمایہ کاری وفد کی چیئر پرسن ایس بی آئی سے ملاقات

کراچی ۔ 2 فروری (اے پی پی) چین کے صوبے تیان جن کی کونسل فار انٹرنیشنل انویسٹمنٹ پروموشن کے ایک وفد نے اپنے نائب صدر ہینری ژینگ کی قیادت میں چیئر پرسن ایس بی آئی نا ہید میمن سے ملاقات کی اور سندھ میں سرمایہ کاری کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق اس مو قع پر چیئر پرسن ناہید میمن نے کہا کہ اب وقت ہے کہ چائینیز پرائیوٹ سیکٹر اپنی صنعتوں کو ون بیلٹ ون روڈ کے ساتھ ساتھ منتقل کریں۔ سندھ حکومت صوبے میں آنے والے سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کرے گی۔ چیئر پرسن ناہید میمن نے چینی وفد کو صوبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کیں اور حکومت کی مراعات و سہولیات سے آگاہ کیا۔