محکمہ ایکسائز وٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول کے ڈائریکٹر پشاور ریجن سید الآمین کے زیرِ صدارت ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس (ای ٹی او-II) پشاور کے افسران، انجمن صرافہ بازار پشاور کے عہدیداران کا ایک مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔
ڈائریکٹرایکسائز پشاور ریجن کی زیرِ صدارت ای ٹی او-II افس اور انجمن صرافہ بازار پشاور کے عہدیداران کے اہم اجلاس کا انعقاد
پشاور۔ 04 جون (اے پی پی):محکمہ ایکسائز وٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول کے ڈائریکٹر پشاور ریجن سید الآمین کے زیرِ صدارت ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس (ای ٹی او-II) پشاور کے افسران، انجمن صرافہ بازار پشاور کے عہدیداران کا ایک مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔
محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق اجلاس کا مقصد صرافہ بازار سے متعلق پراپرٹی ٹیکس کے معاملات، تاجروں کے تحفظات اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کرنا تھا۔اجلاس کے دوران صرافہ بازار کے نمائندگان نے پراپرٹی ٹیکس کے حوالے سے درپیش مسائل، ٹیکس کے تعین، ادائیگی کے طریقۂ کار اور دیگر متعلقہ امور پر اپنے تحفظات اور تجاویز پیش کیں۔ ڈائریکٹر پشاور ریجن سید الآمین نے تمام شرکاء کے مؤقف کو بغور سنا اور یقین دلایا کہ محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن عوامی سہولت، شفافیت اور قانون کے مطابق مسائل کے حل کو اولین ترجیح دیتا ہے۔اس موقع پر محکمہ ایکسائز کے افسران نے پراپرٹی ٹیکس کے قوانین، طریقۂ کار اور حکومتی پالیسیوں سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی اور تاجروں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے ان کے جائز تحفظات کے ازالے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ محکمہ ایکسائز اور تاجر برادری کے درمیان مسلسل رابطہ اور باہمی مشاورت کے ذریعے ٹیکس سے متعلق امور کو خوش اسلوبی سے حل کیا جائے گا تاکہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ حکومتی محصولات کے نظام کو بھی مزید مؤثر بنایا جا سکے۔انجمن صرافہ بازار پشاور کے صدر اور نمائندگان نے محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کی جانب سے مسائل کے حل کے لیے مثبت رویے کو سراہتے ہوئے محکمہ کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور ٹیکس نظام کو مزید بہتر اور مؤثر بنانے کے لیے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔









