انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی خصوصی ہدایات پر ڈائریکٹر جنرل پی سی یو شوکت عباس نے پولیس لائنز ہری پور کا تفصیلی دورہ کیا۔
ڈائریکٹر جنرل پی سی یو کا پولیس لائنز ہری پور کا دورہ، جاری منصوبوں کا جائزہ لیا

مزید خبریں
ہری پور۔ 1 جولائی (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی خصوصی ہدایات پر ڈائریکٹر جنرل پی سی یو شوکت عباس نے پولیس لائنز ہری پور کا تفصیلی دورہ کیا۔ پولیس لائنز آمد پر ہری پور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ بعد ازاں انہوں نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور پودا لگایا۔ اس موقع پر ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور، پی سی یو انجینئرز، کنسلٹنٹ، کنٹریکٹر اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ کنٹریکٹر نے منصوبوں کی موجودہ پیش رفت، تکمیل کے مراحل اور آئندہ لائحہ عمل کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔ دورہ کے دوران ڈائریکٹر جنرل پی سی یو شوکت عباس نے پولیس لائنز میں جاری ترقیاتی و تعمیراتی منصوبوں، زیر تعمیر عمارتوں اور مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔
انہوں نے منصوبوں کی رفتار، تعمیراتی معیار، استعمال ہونے والے میٹریل، حفاظتی اقدامات اور مجموعی پیش رفت کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر جنرل پی سی یو شوکت عباس نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کئے جائیں، تعمیراتی کام میں اعلیٰ معیار اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، منظور شدہ ڈیزائن اور انجینئرنگ معیارات پر سختی سے عمل کیا جائے جبکہ استعمال ہونے والا تمام میٹریل بہترین معیار کا ہو۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تعمیراتی کام کے ہر مرحلہ میں کوالٹی کنٹرول، حفاظتی اصولوں اور پیشہ ورانہ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے تاکہ پولیس فورس کو جدید، محفوظ اور پائیدار سہولیات فراہم کی جا سکیں۔








