ڈبلیو ٹی اے ننگبواوپن ٹینس،انگلینڈ کی ٹینس سٹار ایما رادوکانو ابتدائی میچ میں ہار کر باہر

بیجنگ ۔15اکتوبر (اے پی پی):برطانوی ٹینس سٹار ایما رادوکانو چین کے شہر ننگبو میں جاری ننگبو اوپن ٹینس کے پہلے راؤنڈ میں غیر متوقع شکست کا شکار ہو گئیں، جہاں انہیں ورلڈ نمبر 219 ژو لن کے ہاتھوں 1-2سیٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق 22 سالہ ایما رادوکانو میچ کے دوران جسمانی کمزوری کا شکار نظر آئیں ۔ دوسرے سیٹ میں ان کا بلڈ پریشر …

بیجنگ ۔15اکتوبر (اے پی پی):برطانوی ٹینس سٹار ایما رادوکانو چین کے شہر ننگبو میں جاری ننگبو اوپن ٹینس کے پہلے راؤنڈ میں غیر متوقع شکست کا شکار ہو گئیں، جہاں انہیں ورلڈ نمبر 219 ژو لن کے ہاتھوں 1-2سیٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق 22 سالہ ایما رادوکانو میچ کے دوران جسمانی کمزوری کا شکار نظر آئیں ۔

دوسرے سیٹ میں ان کا بلڈ پریشر اور دیگر اہم علامات چیک کی گئیں جبکہ فزیو نے انہیں کچھ کھانے اور پینے کے لیے بھی دیا۔ تیسرے سیٹ میں انہوں نے بیک پین کی شکایت پر میڈیکل ٹائم آؤٹ لیا، جس کے بعد ان کی کارکردگی میں سستی اور سروس میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ایما رادوکانو گزشتہ ہفتے ووہان اوپن کے پہلے راؤنڈ سے بیماری کے باعث دستبردار ہو گئی تھیں، اور حالیہ میچ میں بھی ان کی فٹنس پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

ایما رادوکانو نے رواں سال ڈبلیو ٹی اے ٹور پر 50 میچز کھیلے ہیں، جو ان کے 2021 کے یو ایس اوپن ٹائٹل کے بعد سب سے زیادہ ہیں۔ ایما رادوکانو کے کوچ فرانسس روئگ جن کے ساتھ ان کا سیزن کے آخر تک معاہدہ ہے، ننگبو میں ان کے ساتھ موجود نہیں تھے۔

ابتدائی سیٹ میں 0-3 کی برتری حاصل کرنے کے باوجود ایما رادوکانو میچ کو سنبھال نہیں سکیں، دوسرے سیٹ میں فزیو کو بلوانے کے بعد ان کی کارکردگی مزید خراب ہو گئی اور تیسرے سیٹ میں وہ مکمل طور پر آؤٹ آف فارم دکھائی دیں۔چینی کھلاڑی ژو لن، جو ایک سابقہ ٹاپ 40 پلیئر ہیں،کی فتح کا سکور 6-3، 4-6 اور 1-6 رہا ،چین کی فتح کھلاڑی اب پری کوارٹر فائنل میں روسی ٹاپ سیڈ میرا اندریوا کا سامنا کریں گی۔

برطانوی ٹینس سٹار رادوکانو کے سیزن میں اب دو ٹورنامنٹ باقی ہیں جن میں پین پیسفک اوپن اور ہانگ کانگ اوپن شامل ہیں۔ ان کے مداح امید کر رہے ہیں کہ وہ مکمل فٹنس کے ساتھ ان مقابلوں میں واپسی کریں گی۔

مزید خبریں