برلن۔3اکتوبر (اے پی پی):جرمنی کے شہر میونخ کی فضاؤں میں متعدد ڈرونز دیکھے گئے ہیں جس کے بعد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ اردو نیوز کے مطابق میونخ ایئرپورٹ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ جمعرات کی رات کو روانہ ہونے والی 17 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جس سے تقریباً 3 ہزار مسافر متاثر ہوئےجبکہ میونخ ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے والی 15 پروازوں کو دیگر شہروں کی جانب …
ڈنمارک اور ناروے کے بعد جرمنی کی فضاؤں میں ڈرونز کی موجودگی، متعدد پروازیں منسوخ

مزید خبریں
برلن۔3اکتوبر (اے پی پی):جرمنی کے شہر میونخ کی فضاؤں میں متعدد ڈرونز دیکھے گئے ہیں جس کے بعد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ اردو نیوز کے مطابق میونخ ایئرپورٹ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ جمعرات کی رات کو روانہ ہونے والی 17 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جس سے تقریباً 3 ہزار مسافر متاثر ہوئےجبکہ میونخ ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے والی 15 پروازوں کو دیگر شہروں کی جانب موڑا گیا ہے۔ میونخ ایئرپورٹ انتظامیہ نے اپنے بیان میں پروازیں دوبارہ شروع ہونے کے حوالے سے واضح نہیں کیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ شام 7 بجے ایئر پورٹ کے ارد گرد فضا میں ڈرونز دیکھے گئے تھے جس کے بعد ایک گھنٹے کے لئے رن وے کو لینڈنگ یا ٹیک آف کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔ جرمن حکام نے ڈرونز کی شناخت کے لئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ترجمان کے مطابق ہیلی کاپٹرز بھی تعینات کیے گئے تھے تاہم ڈرونز کی ساخت اور تعداد کے حوالے سے معلومات نہیں مل سکیں۔اس سے قبل ڈنمارک، ناروے اور پولینڈ میں بھی ڈرونز کے باعث پروازیں منسوخ کرنا پڑی تھیں جس کے بعد جرمنی بھی ہائی الرٹ پر ہے۔
جمعرات کو یورپی یونین کے 27 رکن ممالک کا اجلاس ڈنمارک میں منعقد ہوا جس میں دفاع کی مضبوطی کے لئے ’’ڈرون وال‘‘ کی تجویز پیش کی گئی۔ جرمن حکام نے ڈرونز کے حوالے سے بڑھتے ہوئے خطرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے بھی ملک کی فضائی حدود میں ڈرونز دکھائی دیئے تھے۔








