ڈویلپمنٹ کمیونیکیشن نیٹ ورک پاکستان پائیداری سمٹ 3دسمبر کو منعقد کرے گا

اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):ڈویلپمنٹ کمیونیکیشن نیٹ ورک (ڈیو کام- پاکستان ) عوامی اور نجی شعبے کے اہم اداروں کے تعاون سے دوسرا پاکستان پائیداری سمٹ 3دسمبر کو منعقد کرے گا۔ اس قومی سمٹ میں متوقع طور پر 300 سے زائد ماہرین اور اسٹیک ہولڈرز شریک ہوں گے، جبکہ 10ہزار سے زائد شرکاء اس کے ساتھ ہونے والی پائیداری کی نمائش میں شرکت کریں گے۔ اس سمٹ کا موضوع “اقتصادی …

اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):ڈویلپمنٹ کمیونیکیشن نیٹ ورک (ڈیو کام- پاکستان ) عوامی اور نجی شعبے کے اہم اداروں کے تعاون سے دوسرا پاکستان پائیداری سمٹ 3دسمبر کو منعقد کرے گا۔ اس قومی سمٹ میں متوقع طور پر 300 سے زائد ماہرین اور اسٹیک ہولڈرز شریک ہوں گے، جبکہ 10ہزار سے زائد شرکاء اس کے ساتھ ہونے والی پائیداری کی نمائش میں شرکت کریں گے۔ اس سمٹ کا موضوع “اقتصادی استحکام اور ماحول دوست زندگی کے لیے پائیدار رہائش” ہے اور اس کا مقصد ماحولیاتی لحاظ سے ذمہ دار،توانائی کی بچت کرنے والی اور مضبوط شہری ترقی کو فروغ دینا ہے۔

اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈیو کام- پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرمنیر احمد نے اس شعبے کے دوہرے کردار پر روشنی ڈالی کہ یہ شعبہ قومی جی ڈی پی اور روزگار کے لیے اہم ہونے کے ساتھ ساتھ قدرتی وسائل کا بڑا استعمال اور کاربن کے اخراج میں بھی حصہ ڈالتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایسے موڑ پر کھڑا ہے جہاں اقتصادی ترقی کو ماحولیاتی تحفظ، ذمہ داری اور توانائی کی طویل مدتی حفاظت کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔ سبز تعمیرات، توانائی کی بچت کرنے والے ڈیزائن اور ماحول دوست بنیادی ڈھانچے کو فروغ دے کر پاکستان اقتصادی استحکام کو مضبوط، ماحولیاتی نقصان کو کم، سبز روزگار پیدا کرنے سمیت معیار زندگی کو بہتر بنا سکتا ہے۔

سمٹ میں پالیسی ساز، معمار، انجینئر، شہری منصوبہ ساز، محقق، سرمایہ کار، تعمیراتی ادارے اور کمیونٹی کے نمائندے شامل ہوں گے تاکہ ماحول دوست اور اقتصادی طور پر مضبوط رہائش کے عملی اور قابل عمل حل تلاش کیے جا سکیں۔پائیداری کی نمائش میں شراکت دار ادارے اپنی جدید ٹیکنالوجیز، ماحول دوست مواد، سمارٹ شہری نظام، قابل تجدید توانائی کے حل اور کم کاربن والے رہائشی ماڈلز کو پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ پاکستان پائیداری ایوارڈز 2025 میں سبز رہائش، پائیدار مواد، انجینئرنگ میں جدت، معمارانہ ڈیزائن، نوجوانوں کی اختراع، خواتین کی قیادت، اور ماحولیاتی رپورٹنگ جیسے شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے افراد اور اداروں کو بھی اعزازات سے نوازا جائے گا۔۔

منیر احمد نے کہا کہ پاکستان اب مزید پرانے، وسائل خرچ کرنے والے اور ماحول دوست نہ رہنے والے ماڈلز پر شہروں کی توسیع برداشت نہیں کر سکتا۔پائیدار رہائش نہ صرف اخراج اور ماحولیاتی نقصان کو کم کرنے کے لیے اہم ہے بلکہ کمزور طبقات کا تحفظ، طویل مدتی رہائش اور توانائی کے اخراجات میں کمی اور اقتصادی استحکام کو بھی فروغ دیتی ہے۔سمٹ کے سیشنز میں پالیسی اصلاحات، معمارانہ جدت، توانائی کے سمارٹ شہری بنیادی ڈھانچے، ماحولیاتی مالیات، سماجی شمولیت اور رہائش کے نظام کی ڈیجیٹل تبدیلی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ماہرین اس بات کا جائزہ لیں گے کہ کس طرح قومی اور صوبائی رہائشی پالیسیاں پاکستان کے ماحولیاتی عزم اور عالمی پائیداری کے فریم ورک کے مطابق بہتر ہو سکتی ہیں۔ شرکاء پائیدار ڈیزائن، مقامی اور کم کاربن والے مواد، سولر اور ونڈ سسٹمز کے ذریعے توانائی کی تجدید، پانی کی بچت کی ٹیکنالوجیز اور ذمہ دار فضلہ مینجمنٹ کے اقدامات پر بات کریں گے۔

گرین فنانسنگ پر بھی خاص توجہ دی جائے گی جس میں ماحولیاتی فنڈز، گرین بانڈز، رعایتی قرضے، کم آمدنی والے گھرانوں کے لیے مائیکروفنانس اور کاربن کریڈٹ مارکیٹس پر گفتگو ہوگی۔ کمیونٹی کی شمولیت اور مزاحمت، سستی رہائش کے ماڈلز، صنفی مؤثر منصوبہ بندی، آفات کے خلاف مضبوطی اور مساوی رسائی کو بھی زیر بحث لایا جائے گا۔یہ ایونٹ ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہے جب پاکستان کو سالانہ چار لاکھ سے زائد رہائشی یونٹس کے ہاؤسنگ ڈیفیسٹ، تیزی سے بڑھتی شہری آبادی اور موسمیاتی خطرات کا سامنا ہے۔ تقریباً 40 فیصد شہری رہائشی مناسب رہائش اور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جو پاکستان میں شہروں کی تعمیر، منصوبہ بندی اور انتظام میں اصلاحات کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔